نگران وزیراعظم کے لیے قائد حزب اختلاف کا تجویز کردہ نام قبول ہوگا ، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے قائد حزب اختلاف جو نام دیں گے قبول ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم اتنا بڑا عہدہ نہیں جتنا ہم نے بنا دیا ہے ، ریٹائرڈ جج ، بیوروکریٹ، بزنس مین اور ریٹائرڈ جنرل بھی نگراں وزیراعظم ہو سکتا ہے تاہم کسی ریٹائرڈ جنرل کا نام ابھی تک تجویز نہیں ہوا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات 90 دن میں نہیں 60 دن میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کل بھی تھے آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں نگراں وزیراعظم  کے لیے اتفاق ہوگیا ہے جس کا اعلان مئی کے وسط تک متوقع ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی اورماہر معاشیات عشرت حسین کا نام تجویز کیا گیا تھا۔

موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد عبوری حکومت ملک میں عام انتخابات کرائے گی۔

دوسری جانب ترکی کے چیف آف جنرل اسٹاف ہولوسی اقر نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف کو پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ دونوں ملک علاقائی  اور عالمی فورمز  پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں میں اضافے پراتفاق کیا گیا۔


متعلقہ خبریں