’بھولا‘ کے کردار نے انڈسٹری میں پہچان دی، عمران اشرف

عمران اشرف کی ملکہ کون؟

فوٹو: فائل


پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے صفِ اول کے اداکار عمران اشرف نے کہا ہے کہ ’رانجھا رانجھا کر دی‘ میں ’بھولا‘ کے کردار نے انڈسٹری میں شناخت بخشی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’بی بی سی‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران اشرف اپنی پیشہ ورانہ جدوجہد سے متعلق بتایا کہ کامیابی ملنے سے پہلے آدھی سے زیادہ انڈسٹری کو ان کی شکل تک یاد نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ہم ٹی وی کے ’رقیب سے‘ میں نیا کیا ہے؟

عمران اشرف نے ہم ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’رانجھا رانجھا کر دی‘ میں ’بھولا‘ کا کردار ادا کرکے ناقدین اور مداحوں سے خوب داد سمیٹی۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے یہ کامیابی اتنی آسانی سے نہیں ملی۔ اس کے لیے میں نے بہت محنت کی ہے، میں محنت کرنے کو بُرا نہیں سمجھتا کیونکہ ہر انسان کو یہ کرنی ہی پڑتی ہے۔

عمران اشرف نے بتایا کہ آدھی سے زیادہ انڈسٹری نے میرے ہاتھ کی چائے پی ہوئی ہے، انہیں میری شکل تک یاد نہیں ہوتی تھی، بس ایک لڑکا تھا جو اُن کے لیے چائے لاتا تھا۔ لیکن میں کوئی گلہ نہیں کررہا کیونکہ یہ جدوجہد سب کرتے ہیں میں نے بھی کی۔ میں نے آٹا بھی گوندھا ہے اور روٹیاں بھی پکائی ہیں۔

انہوں نے  مزید کہا کہ انہوں نے کئی سال ڈراموں میں معمولی کردار اس امید میں نبھائے کہ ایک دن انہیں مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع ملےگا لیکن بہت سے ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے کے باوجود انہیں معمولی رول آفر ہوتے رہے کیونکہ لوگ مجھے ’’ہیرو‘‘ تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔

حال ہی میں ہم ٹی وی پر ان کا ڈرامہ ’رقص بسمل‘ آن ایئر ہو رہا ہے جسے شائقین میں بہت مقبولیت حاصل ہے۔ ڈرامے میں عمران اشرف کی اداکاری اور ان کے چہرے کے تاثرات کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘رانجھا رانجھا کردی’ کی نوری انسٹاگرام پر بھی مشہور

’رقص بسمل‘ میں عمران اشرف نے ایک مذہبی گھرانے کے لڑکے کا کردار ادا کیا ہے جسے ایک طوائف سے محبت ہو جاتی ہے۔

اس ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران اشرف نے کہا کہ موسیٰ عورتوں کی عزت کرنا  نہیں جانتا تھا مگر کیا اسے یہ حق بھی نہیں کہ وہ عورتوں کی عزت کرنا، ان کی اجازت کی اہمیت کو سمجھنا سیکھے؟


متعلقہ خبریں