سقوط کشمیر کے ساتھ عمران خان کا نام آتا ہے، مریم نواز


مظفر آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آپس میں سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن قومی مفاد میں پاکستانی قوم متحد ہے۔ قومی مفادات کا تحفظ حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے زیر اہتمام آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت سے پوچھتے ہیں کہ عوام کو حقیقی اور جمہوری حکومت سے محروم کیوں رکھا؟

آج کل ہماری جماعت کوعمران خان بڑے فون کرتے ہیں، لیکن ہم حکومت کو گھر بھیجنے کے بعد اوپن بیلٹنگ کی طرف جائیں گے۔ پاکستان کےعوام آپ سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ اب آپ کو استعفیٰ بھی دینا پڑے گا اور پیسے بھی دینے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتا ہے۔ نواز شریف نے کشمیریوں کیلئے محبت کا پیغام بھیجا ہے۔ سقوط کشمیر کے ساتھ عمران خان کا نام آتا ہے۔
کشمیری بھی آج کہہ رہے ہیں ”گوعمران گو”۔

مریم نواز نے کہا کہ سنا ہے وزیراعظم عمران خان بھی آج کوٹلی جارہے ہیں۔ عمران خان آپ کشمیر کس منہ سے آئیں گے۔ جعلی وزیراعظم کو ڈر لگتا ہے کہ لوگ ان کا گریبان پکڑیں گے۔

مزید پڑھیں: یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ملک بھر میں ریلیاں

انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیریوں کے جذبےاور قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیریوں کو سلام پیش کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم کر رہا ہے۔ ایک دن کشمیر بنے گا پاکستان۔

مریم نواز نے کہا کہ آپ کی قربانیوں کی بدولت ایک دن کشمیر آزاد ہوگا۔ پوری قوم مسئلہ کشمیر پرایک ہے۔ قومی مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ہاتھ سے نکل جانے کے بعد بھی اب آپ بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے ہو۔ نواز شریف نے بھارت کے 5ا یٹمی دھماکوں کے جواب میں 6ایٹمی دھماکے کیے۔ عالمی سطح پر آپ ایک بھی قرارداد مقبوضہ کشمیر سے متعلق منظور نہیں کراسکے۔

مریم نواز نے کہا کہ  سری نگر مودی کے حوالے کر کے اسلام آباد میں ایک سڑک کا نام سری نگرہائی وے رکھ دیا۔ آپ کی خارجہ پالیسی صرف 2 منٹ کی خاموشی ہے۔ کمزور حکومت کی وجہ سے معیشت بھی کمزور ہوتی ہے۔ نوازشریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ٹائم مل جاتا تو آج کشمیر پاکستان کا حصہ ہوتا۔ نواز شریف نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ عمران خان استعفیٰ دینے کے بھی پیسے مانگ رہے ہیں۔ اب آپ کو استعفیٰ بھی دینا پڑے گا اور پیسے بھی دینے پڑیں گے۔ پاکستان اور کشمیر کے عوام آج عمران خان سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں