باہر بیٹھے لوگوں کو واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ باہر بیٹھے لوگوں کو واپس لانے کی کوشش کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ہم نیوز کے اینکر پرسن ثمر عباس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو آج این آر او دے دیں تو یہ کہیں گے کہ عمران خان نے زبردست آدمی کوئی نہیں جس نے کشمیر کی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف لانگ مارچ کر کے بھی دیکھ لیں لیکن لوگ چوروں کے لیے کبھی سڑکوں پر نہیں نکلتے۔ دنیا بھر میں جو لوگ گھروں سے باہر نکلے وہ کرپشن کے خلاف ہی نکلے لیکن آج تک کوئی کرپشن بچانے کے لیے نہیں نکلا ہے۔ کرپشن کرنے والے خود باہر بیٹھے ہیں، ان کے بچے باہر، بھائی کے بچے باہر، منشی اور اس کے بچے بھی باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کرپٹ لوگ عوام کو بے وقوف سمجھتے ہیں لیکن جو عوام کو بے وقوف سمجھتا ہے اس سے بڑا بے وقوف انسان کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک لوٹ کر باہر بھاگنے والوں کو وطن واپس لانے کی کوشش کریں گے، قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی طریقہ کار ذرا لمبا ہے بہرحال کوشش کریں گے ان کو واپس لے کر آئیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملکی حالات کے بارے میں کوئی کچھ بھی کہے لیکن حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ جب ہمیں ایک مقروض ملک ملا تو حالات کیسے ٹھیک ہوتے تاہم اب ملک کی صنعتیں بہتر ہو رہی ہیں اور ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے۔ لوگ جانتے ہیں کہ ہم کوشش کر رہے ہیں اور چیزں بھی بہتر کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام جانتی ہے حکومت اس وقت کیوں مشکل میں ہے کیونکہ پچھلی حکومتوں نے 10 سال میں ملک پر چار گنا قرض چڑھا دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حزب اختلاف کبھی کسی فیصلے کو نہیں مانے گی جب تک ان کو اپنا جج اور نیب سربراہ نہ ملے کیونکہ یہ کرپٹ لوگ ہیں۔


متعلقہ خبریں