بھارت زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت زیادہ عرصے تک کشمیر پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ہم نیوز کے اینکر پرسن ثمر عباس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی قوم اگر یہ فیصلہ کر لے کہ انہوں نے آزاد ہونا ہے تو وہ زیادہ دیر تک غلام نہیں رہ سکتی۔ بھارت نے کشمیریوں کو دبانے کی پوری کوشش کی لیکن کشمیری عوام ان کے خلاف کھڑی ہے۔ بھارت زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر اٹھ گیا ہے بلکہ سیکیورٹی کونسل میں بھی معاملہ سامنے آیا ہے اور اب کشمیر کا معاملہ آزادی کی طرف جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت نے فوج کے دباؤ پر کشمیری عوام کو دبا کر رکھا ہوا ہے ورنہ وہاں کی عوام کو آزادی لینے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بڑی مارکیٹ ہے اور دنیا کے ان کے ساتھ تجارتی تعلقات ہیں اس کے باوجود اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ ہمیں فیٹف میں دبا دے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ بھارت نے پاکستان کو دیوار سے لگانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ ناکام ہو گیا جبکہ آج دنیا بھر میں پاکستان کی اپنی حیثیت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: باہر بیٹھے لوگوں کو واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے کہا کہ امریکہ کی نومنتخب حکومت کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ان کی کیا پالیسی ہے اور وہ ہمارے تنازعہ میں دلچسپی لیں گے کہ نہیں تاہم دنیا بھر میں اب یہ شعور اجاگر ہوا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہو رہا۔ اب موجودہ حالات میں بھارت کا کشمیر پر ظلم و ستم ڈھانا بہت مشکل ہو جائے گا اس لیے ہم مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں