نصیرالدین شاہ بھی بھارتی کسانوں کے حق میں بول پڑے


معروف  بالی ووڈ اداکار نصیرالدین شاہ بھی بھارتی کسانوں کے حق میں بول پڑے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مودی سرکار سے زیادہ کسان اپنے حقوق کے بارے میں جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سمیت لاکھوں لوگ کسانوں کے ساتھ ہیں اور وہ سب کے لیے ہمت اور بہادری کی مثال ہیں ۔

نصیرالدین شاہ نے کسانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اقبال کا شعر بھی پڑھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خاموشی بھی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مودی سرکار کے خوف سے حکومت کے حق میں بولنے والے بالی اداکاروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

نصیرالدین شاہ نے کہا کہ بالی ووڈ اداکار اتنا کما چکے ہیں کہ نسلیں بیٹھ کر کھا سکتی ہیں ، پھر ان اداکاروں کوسچ بولنے سے کیوں خوف آتا ہے؟

امریکی گلوکارہ بھی بھارتی مظالم کیخلاف بول اٹھیں

یاد رہے کہ چند روز قبل کسانوں پر ہونے والے مودی سرکار کے مظالم کے خلاف امریکی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ریانہ نے بھی آواز بلند کی تھی۔

ریانہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ دنیا بھارتی مظالم پر کیوں خاموش ہے ؟  ہم بھارتی کسانوں پر ہونے والے مظالم پر بات کیوں نہیں کر رہے؟؟

امریکی گلوکارہ ریحانہ کے ٹوئٹ کرنے پر بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت ہمیشہ کی طرح مودی سرکار کو خوش کرنے کے چکر میں بیچ میں کود پڑیں اور پر امن کسانوں کو دہشت گرد ہی قرار دے دیا۔

دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ نے بھی بھارت سے مظالم بند کرنے کا مطالبہ کر دیا جبکہ امریکہ کہ نائب صدر کمالہ ہیرس کی بھانجی مینا ہیرس نے اسے جمہوریت پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ سب کو بھارتی کسانوں کے خلاف انٹرنیٹ کی بندش اور حکومتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہو گی۔

واضح رہے کہ دو ماہ سے اپنے حقوق کے لیے بیٹھے پُرامن کسانوں کی آواز دبانے کے لیے مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر والا حربہ اپناتے ہوئے دہلی میں انٹرنیٹ سروس معطل کر رکھی ہے۔


متعلقہ خبریں