’ارطغرل غازی‘ سے متاثر ہو کر امریکی خاتون نے اسلام قبول کر لیا


ترکی کے مشہور ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ سے متاثر ہو کر امریکہ کی 60 سالہ خاتون نے اسلام قبول کر لیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مذہب تبدیل کرنے کے بعد امریکی خاتون نے اپنا نام خدیجہ رکھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں روحانی شخصیت  ابن عربی کے کردار نے مجھے اسلام کی جانب زیادہ راغب کیا۔

خاتون نے مزید بتایا کہ 2014 سے 2019 تک جاری رہنے والے ڈرامہ سیریز کو نیٹ فلیکس پر دیکھا جس کے بعد مجھے بہت افسوس ہوا کہ میں ایسی تاریخ سے کیوں اتنا عرصہ لاعلم رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ابن عربی میرا پسندیدہ کردار ہے، ان کے الفاظ سن کر میں اکثر رو پڑتی تھی، میں نے چار مرتبہ اس کے سیزن دیکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اکثر ابن عربی کی جانب سے ادا کئے گئے الفاظوں کو انٹرنیٹ پر سرچ کرتی تھی جس سے مجھے اسلام اور سلطنت عثمانیہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوئیں۔

پاکستانیوں نے 2020 میں سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟گوگل نے بتادیا

خدیجہ نے بتایا کہ میں نے قرآن کو انگریزی ترجمے کے ساتھ کئی مرتبہ پڑھا ہے، اور مذہب تبدیل کرنے قبل قریبی مسجد اور مسلم کمیونٹی سے بھی ملاقات کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ میرے چھ بچے ہیں جنہیں ان کے مذہب تبدیل کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔

خدیجہ نے بتایا کہ وہ جلد ترکی جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے خاتمے کے بعد میں ترکی جاؤں گی اور وہ تمام مقامات کو دیکھوں گی جہاں پر یہ ڈرامہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ارطغل غازی کے مزار پر حاضری دینا چاہتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ہر دن اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ مجھے اس زندگی کا اور دن نصیب ہوا۔ لوگ نہیں جانتے کہ ہمارے پاس کتنا مختصر وقت ہے۔

خدیجہ نے کہا کہ لوگوں کو میرا پیغام یہ ہے کہ وہ غلط کاموں میں اپنا وقت ضائع نہ کریں۔


متعلقہ خبریں