کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام


کراچی: شہر قائد میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ دہشت گرد ہلاک اور 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے پولیس کی بکتر بند گاڑی پر دستی بموں سے حملہ کر دیا۔

مبینہ پولیس مقابلے کے بعد دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔ جس میں 4 خودکش جیکٹس، 15 دستی بم، 2 راکٹ لانچر، 4 کلاشنکوف اور سینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے رکشے میں رکھے گئے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ رکشے میں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ کو مختلف خانون میں چھپایا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے کی فرانزک جانچ بھی کرائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سانگلہ ہل: خاوند کو قتل کرنے والی بیویاں گرفتار

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے تحقیقات کی جائیں گی جس کے بعد مزید معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔

ذرائع کے مطابق مبینہ دہشت گرد غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کے ایما پر کارروائی کرنا چاہتے تھے اور کراچی میں سرکاری عمارتوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے دو تھریٹ الرٹ بھی اس گروپ کے بارے میں جاری کیے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں