بابر اعظم ڈیبو پر ٹیسٹ سیریز جیتنے والے پاکستان کے پانچویں کپتان


بطور کپتان بابر اعظم اپنی ڈیبو ٹیسٹ سیریز میں جیتنے والے پاکستان کے پانچویں کپتان بن گئے۔

بابراعظم سے قبل سلیم ملک، جاوید میانداد، مشتاق محمد اور فضل محمود بھی بطور کپتان اپنی ڈیبو ٹیسٹ سیریز جیتے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے دوسرے  ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو 95  رنز سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز جیت لی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ گیند بازی کی بدولت قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔

پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ساؤتھ افریقہ کو وائٹ واش جب کہ دوسری بار  ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے۔

اس سے قبل 2003 میں پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کو 1-0 سے ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔

آج میچ کے آغاز پر جنوبی افریقہ کے بلے باز مارکرم اور وین ڈر ڈیوسن نے اننگز کا آغاز کیا۔

مہمان ٹیم کی دو وکٹیں جلد ہی گر گئیں جب وینڈر ڈیوسن 48 اور ڈوپلیسی 5 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بنے۔

لگاتار دو وکٹیں گرنے کے بعد مارکرم اور باوما نے 100 رنز سے زائد کی شراکت داری قائم کی، اس دوران مارکرم نے سنچری جب کہ باوما نے نصف سنچری اسکور کی۔

ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پروٹیز یہ میچ باآسانی جیت جائیں گے، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے نئی گیند لی اور شاہین شاہ آفریدی، حسن علی کو گیند بازی کا موقع دیا۔

حسن علی نے کریز پر سیٹ بلے باز مارکرم 108  اور کپتان ڈی کاک کو صفر پر آؤٹ کیا۔

جس کے بعد مہمان ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ چل پڑا۔ شاہین شاہ آفریدی نے چار جب کہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں