آسٹریلیا میں چوہوں کی بھرمار، لوگ گھروں میں محصور

آسٹریلیا میں چوہوں کی بھرمار، لوگ گھروں میں محصور

سڈنی: آسٹریلیا کے مختلف علاقوں میں چوہوں کی بھرمار کی وجہ سے طاعون کی بیماری پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا کے مشرقی علاقوں میں فصلوں کی پیداوار شروع ہوتے ہی چوہوں کی بڑی تعداد نکل آئی۔ جس کی وجہ سے ماہرین نے آسٹریلیا میں طاعون کی وبا پھیلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلتے وقت اپنے منہ پر ماسک پہنیں۔

آسٹریلوی شہریوں کا کہنا ہے کہ چوہوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بدبو پھیل گئی ہے۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت روزانہ بڑی تعداد میں چوہے مارتے ہیں لیکن ان میں کمی نہیں آ رہی۔

رپورٹ کے مطابق چوہے نہ صرف شہروں بلکہ دیہاتوں میں بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں اور ان میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر ان پر قابو نہیں پایا گیا تو بہت نقصان ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: پسینے سے ذہنی تناؤ کا اندازہ لگانے والا آلہ ایجاد

آسٹریلیا کے تحقیقی ادارے کے محقق اسٹیور ہینرے کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑی تعداد میں چوہے سامنے آنے پر طاعون کی بیماری پھیلنے کا خدشہ ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق اس سے قبل 2011 میں بھی مختلف علاقوں میں اسی صورت حال کا سامنا تھا۔

علاقہ مکینوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرف چوہے ہی چوہے ہیں، ہم ان کو مار بھی دیں تب بھی تعداد کم نہیں ہورہی، اس صورت حال نے ہمیں خوف میں مبتلا کیا ہوا ہے، جس کی وجہ سے بیشتر لوگ گھروں محصور ہو کر رہ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں