جنوبی افریقہ کیخلاف جیت: ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم پانچویں نمبر پر آ گئی


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کے میچ کے بعد ٹیسٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کے بعد رینکنگ میں قومی ٹیم پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک درجہ تنزلی سے پوائنٹس ٹیبل پرچھٹے نمبر پر آ گئی ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے، بھارت دوسرے اور آسٹریلیا کی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے دوسرے  ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو 95  رنز سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز جیت لی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ گیند بازی کی بدولت قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔

بابر اعظم ڈیبو پر ٹیسٹ سیریز جیتنے والے پاکستان کے پانچویں کپتان

پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ساؤتھ افریقہ کو وائٹ واش جب کہ دوسری بار  ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے۔

اس سے قبل 2003 میں پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کو 1-0 سے ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔

آج میچ کے آغاز پر جنوبی افریقہ کے بلے باز مارکرم اور وین ڈر ڈیوسن نے اننگز کا آغاز کیا۔

مہمان ٹیم کی دو وکٹیں جلد ہی گر گئیں جب وینڈر ڈیوسن 48 اور ڈوپلیسی 5 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بنے۔

لگاتار دو وکٹیں گرنے کے بعد مارکرم اور باوما نے 100 رنز سے زائد کی شراکت داری قائم کی، اس دوران مارکرم نے سنچری جب کہ باوما نے نصف سنچری اسکور کی۔

ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پروٹیز یہ میچ باآسانی جیت جائیں گے، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے نئی گیند لی اور شاہین شاہ آفریدی، حسن علی کو گیند بازی کا موقع دیا۔

حسن علی نے کریز پر سیٹ بلے باز مارکرم 108  اور کپتان ڈی کاک کو صفر پر آؤٹ کیا۔

جس کے بعد مہمان ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ چل پڑا۔ شاہین شاہ آفریدی نے چار جب کہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں