چین کی بڑھتی عسکری کارروائیوں پر امریکہ کو شکایت

امریکا کو چین سے شکایت پیدا ہو گئی | urduhumnews.wpengine.com

واشنگٹن: امریکہ کا کہنا ہے کہ اس کے طیاروں پر لیزر لائٹ مارے جانے کی شکایت چین کو درج کرا دی گئی ہے۔ واقعہ میں دو امریکی پائلٹ زخمی جب کہ ایک طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔

امریکی انٹیلی جنس رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے سارہ سینڈرز سے سوال کیا گیا کہ بیجنگ نے جنوبی بحیرہ چین میں نئے میزائل نصب کیے ہیں، جنگی جہاز تعینات کئے ہیں۔ امریکی پائلٹس کو خبردار کیا گیا ہے کہ چینی فوجی افریقی ملک جبوتی میں امریکی جنگی جہازوں پر لیزر لائٹس مارتے ہیں جس سے پائلٹ زخمی ہوتے ہیں۔ کیا ڈونلڈ ٹرمپ کے نزدیک یہ سرخ لائن عبور کرنے کے مترادف ہیں، اور ٹرمپ انتظامیہ اس کا کیا جواب دینا چاہتی ہے؟

جواب میں وائٹ ہاؤس ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم جنوبی بحیرہ چین میں عسکری سرگرمیوں سے آگاہ ہیں۔ چین کے ساتھ اس معاملے پر براہ راست رابطہ کر کے اپنے خدشات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اس معاملے کے فوری اور طویل المدت نتائج ہوں گے۔

سیاسی مہمات چلانے کے پروفیشن سے امریکی ایوان صدر کی ترجمان مقرر کی گئی سارہ سینڈرز نے بریفنگ میں موجود صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ بھر میں یوم دعا منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے خصوصی حکمنامہ جاری کیا ہے تاکہ امریکہ میں مقیم مذہب سے دلچسپی رکھنے والوں کو قوم و ملک کے لئے کردار ادا کرنے پر آمادہ کیا جائے۔

وائٹ ہاؤس ترجمان نے تصدیق کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی خفیہ ادارے کی سربراہ مقرر ہونے والی جینا ہیسپل آئندہ ہفتے سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گی۔ انہوں نے سی آئی اے اور سیاسی حلقوں سے درخواست کی کہ وہ جینا ہیسپل سے بھرپور تعاون کریں۔

سارہ سینڈرز سے پوچھا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وکیل مائیکل کوہن کی جانب سے جسم فروش خاتون اسٹارمی ڈینئیل کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر ادائیگی، اور پھر وکیل کو یہ رقم دینے پر جھوٹ کیوں بولا؟ جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صدر اس واقعہ سے لاعلم تھے تاہم اب وہ معاملے سے آگاہ ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں