کراچی میں گرمی کا راج برقرار، پارہ 43 ڈگری تک جانے کا خدشہ

جولائی تاریخ کا گرم ترین مہینہ

کراچی:کراچی میں آج جمعہ کو بھی گرمی کا راج برقرار ہے جس کے بعد خدشہ ہے کہ پارہ جمعرات کی مانند 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

کراچی میں جمعہ کی صبح درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو نو بجے تک بڑھ کر 33 سینٹی گریڈ ہو چکا تھا، اس دوران گرمی کا احساس بڑھ کر 38 ڈگری تک پہنچ گیا۔چکی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی صبح ہوا میں نمی کا تناسب 60 فی صد تھا، توقع ہے کہ شام تک یہ 25 سے 30 فیصد ہو جائے گا۔

کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے امید ظاہر کی ہے کہ ہفتہ کے دن سے کراچی کا درجہ حرارت معمول پر واپس آ جائے گا۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سماجی تنظیوں اور فلاحی اداروں کی جانب سے ٹھنڈے مشروبات اور پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو ’ہیٹ اسٹروک یا لو لگنے‘ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

2015 میں لو لگنے سے کراچی میں سینکڑوں اموات ہوئی تھیں۔ رواں برس اسپتالوں میں ’ہیٹ اسٹروک‘ کے مریضوں کو خصوصی طبی امداد دینے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی نوید بھی سنائی گئی ہے۔

 مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، اسلام آباد، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان  ظاہر کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں