’ہمارے پاس چنے کھانے کے پیسے نہیں ، پھر بھی ملازمین کی تنخواہیں بڑھا رہے‘



وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہمارے پاس چنے کھانے کے بھی پیسے نہیں ہیں ، پھر بھی ان کی تنخواہیں بڑھا رہے ہیں۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملات طے ہونے کے باوجود ملازمین کے احتجاج پر افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گریڈ 16 تک تنخواہیں بڑھانے پر راضی ہو گئے تھے، فنانس کو بھی دیکھنا ہے ،جھوٹے وعدے نہیں کر سکتے، امید ہے معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بڑے اضافے کا فیصلہ

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سرکاری ملازمین کے احتجاج کے دوران پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد ملازمین کو گرفتار کر لیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد میں سرکاری ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے پاک سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج کیا۔

پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے شدید شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جب کہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔

براڈ شیٹ میں جو بھی ملوث ہو اسے پھکی ملنی چاہیے، شیخ رشید

پولیس شیلنگ اور لاٹھی چارج سے متعدد سرکاری ملازمین زخمی ہو گئے جب کہ کئی کو گرفتار کر لیا گیا۔

وفاقی سیکرٹریٹ ملازمین پاکستان سیکرٹریٹ کے تمام دفاتر کو بند کر کے احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز کی بڑی تعداد موجود رہی۔

سیکرٹریٹ کے کیو بلاک میں ملازمین نے ہر قسم کا داخلہ بند کر دیا جبکہ واٹر کینن ، اے پی سی اور پولیس کی بھاری نفری ڈی چوک اور سیکرٹریٹ پر موجود ہے۔

پولیس کی جانب سے ریڈ زون جانے والی تمام شاہراہوں کو بلاک کر دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔

سرکاری ملازمین پنشن، سروس اسٹرکچر، مراعات اور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

وفاقی حکومت نے رات گئے سرکاری ملازمین کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے اور متعدد مزدور رہنماؤں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں