اسلام آباد ہائی کورٹ نے مارننگ شوز پر پابندی کا عندیہ دے دیا


اسلام آباد: رمضان ٹرانسمیشن اور مارننگ شوز کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوز پر پابندی لگانے کا عندیہ دے دیا۔

جمعہ کے روز مقدمہ کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ رمضان ٹرانسمیشن میں سرکس لگے رہے تو پابندی لگا دیں گے۔

مقدمہ کی سماعت کے دوران وقاص ملک ایڈووکیٹ اور دیگر درخواست گزار عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت عالیہ اسلام آباد نے مارننگ شوز کے مواد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال بہتر نہ ہونے پر پابندی لگانے کی تنبیہہ کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کو حکم دیا کہ مقدمہ کی آئندہ سماعت پر ضابطہ اخلاق کے متعلق رپورٹ جمع کرائے۔

مقدمہ کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ مادر پدر آزادی سے ہمارا معاشرہ تباہی کی طرف جارہا ہے، یہاں رمضان کا تقدس ہے نہ کسی اور دن کا، تقدس ہے تو صرف ویلنٹائن ڈے کا۔

مقدمہ کی سماعت آٹھ مئی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں