مشرقی یورپ: 1کروڑ سے زائد کورونا کیسز


مشرقی یورپ میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوگئی جبکہ ان ممالک میں مجموعی اموات دو لاکھ 14 ہزار سے زائد ہوگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مشرقی یورپ کے ممالک بشمول روس، پولینڈ، چیک ریپبلک، رومانیہ، ہنگری، سلواکیہ اور بلغاریہ نے اب تک 45 لاکھ افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مشرقی یورپی ممالک میں کورونا وبا پھوٹنے سے اب تک ایک کروڑ دو لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ان ممالک میں مجموعی اموات دو لاکھ 14 ہزار چھ سو 91 ہوگئی ہیں۔ تاہم پچھلے ایک مہینے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد میں 13 فیصد تک کمی آئی ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مشرقی یورپ میں سب سے زیادہ 40 لاکھ کیسز روس میں رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں کورونا سے مجموعی طور پر 79 ہزار ایک سو 94 اموات ہوئی ہیں۔ روس میں اب تک 10 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے جو کہ مجموعی آبادی کا ایک اعشاریہ تین فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق ویکسین بنانے والی کمپنیوں اسٹرا زینیکا اور فائزر کی جانب سے مطلوبہ ویکسین کی فراہمی میں تاخیر سے یورپی یونین کی جانب سے گرمیوں تک 70 فیصد بالغ افراد کو فوری ویکسین لگوانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کورونا ویکسین کی سپلائی میں تاخیر سے صرف یورپ میں سات لاکھ 50 ہزارافراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

اسٹرا زینیکا اور فائزر کی جانب سے ویکسین کی فراہمی میں تاخیر کی بنا پر مشرقی یورپ کے بہت سے ممالک نے چین اور روس سے ویکسین درآمد کرنے پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔

ہنگری بہت اپنے شہریوں کو جلد روس سے درآمد شدہ ویکسین لگوانا شروع کرے گا۔ مشرقی یورپ میں ہنگری روس کی تیار کردہ ویکسین استعمال کرنے والا پہلا ملک بن جائے گا۔

دوسری جانب چیک ریپبلک کے وزیراعظم اندریج بابیس نے کہا ہے کہ روسی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کے لیے ان کا ملک یورپین میڈیسن ایجنسی سے منظوری کا انتظار کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق یوکرائن، جہاں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور 12 لاکھ افراد کوونا کا شکار ہوگئے ہیں، نے چین سے ویکسین درآمد کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور بہت جلد 80 لاکھ خوراکیں ٖحاصل کرے گا۔


متعلقہ خبریں