حکومت اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، مریم نواز


وزیر آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد ہم پرامن طریقے سے انتخابی مہم چلارہے ہیں لیکن حکومت اپنی شکست کو دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پرامن ریلی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ میں سنی سنائی باتیں نہیں کرتیں بلکہ وہ بات کرتی ہوں جس کا مصدقہ علم ہوتا ہے۔ خواہش ہے حکومت کے جانے کے بعد پی ڈی ایم کا اتحاد ایسا ہی رہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے متفقہ امیدوار ہیں۔ مسلم لیگ ن نے عام آدمی کو سینیٹ ٹکٹ دیا لیکن عمران خان نے ارب پتی افراد کو ٹکٹ دیا ہے کیا 22 سالہ جدوجہد میں کوئی بھی ایسا شخص نہیں کہ ٹکٹ دیا جائے۔ ہمیں اپنے قائد نواز شریف اور پارٹی قیادت پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کو چھٹکارا کون دے گا ؟ عوام کے اندر بے چینی ہے اور وہ مہنگاہی سے تنگ ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا شہر ہے وہاں کسی کو پنگا لینے کی ضرورت نہیں۔ میری ایک سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہوسکتی لیکن میں حکومت سے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی کوئی درخواست نہیں کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپنی جماعت میں ارکان ٹکٹ کے معاملے پر تحفظات ظاہر کر چکے ہیں۔ جو حالات دیکھ رہی ہوں شاید سینیٹ انتخابات میں ہی عدم اعتماد آ جائے۔


متعلقہ خبریں