پی ایس ایل فور کی کامیابی کے لیے نئی حکمت عملی زیر غور


لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ نے نئی حکمت عملی پر غور شروع کر دیا ہے۔ جس کے بعد توقع ہے کہ میچوں کے شیڈول میں تبدیلی لائی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں گراؤنڈز میں شائقین کی کم تعداد میں موجودگی نے انتظامیہ کو فکر میں مبتلا کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ کے اہم میلے کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لیے ایڈیشن فور کے میچز ہفتے کے آخری دنوں میں کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

پی ایس ایل فور میں گراؤنڈز بھرنے کے لیے ایونٹ بیک وقت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور پاکستان میں کرانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والی ملاقات میں فرنچائز کے مالکان اور بورڈ حکام کی جانب سے لیگ میں تماشائیوں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے جمعرات، جمعہ کو یو اے ای اور ہفتہ، اتوار کو پاکستان میں میچز کرانے پرغور کیا گیا ہے۔

فرنچائز مالکان نے افتتاحی تقریب پاکستان میں کرانے پر زور دیتے ہوئے یہ تجویز بھی دی ہے کی غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کے لیے اضافی رقم نہ دی جائے۔

پی ایس ایل تھری میں دبئی اور شارجہ کے میدان معمول کے دنوں میں 80 فیصد خالی رہے تھے۔ لاہور میں منگل اور بدھ کو ہونے والے میچز کے دوران بھی قذافی اسٹیڈیم بھر نہیں سکا تھا۔ لیکن اتوار کے روز کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل تھری کے فائنل میچ کے ٹکٹ 7 روز پہلے ہی بُک ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں