پی ٹی آئی کے لوگ ووٹ مانگے تو 1 کروڑ نوکریوں کا پوچھنا، مریم نواز


وزیرآباد میں ن لیگ  کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کیا ایک کروڑ نوکریوں میں سے کسی کو ایک نوکری ملی؟ 50لاکھ گھروں میں سےکیا کسی کوایک کمرہ ملا؟

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ  پی ٹی آئی کے لوگ ووٹ مانگے تو ایک کروڑ نوکریوں کا پوچھنا۔ جب یہ لوگ ووٹ مانگنے آئے تو گیس اور بجلی کا بل دکھانا کہ یہ لو ووٹ۔ پیٹرول کی پرچیاں لاکر دکھاوَ کہ یہ لو جھوٹو ووٹ۔ جوانڈے 300 روپے درجن ہوگئے وہ ان کے نمائندے کو مار کربھگا دینا۔

انہوں نے کہا کہ مریم  ن لیگ کے علاوہ کوئی اور ہے جس نے وزیرآباد کی خدمت کی ہے؟ وزیر آباد ووٹ مانگنے نہیں بلکہ نواز شریف اور شہباز شریف کا دور یاد کرانے آئی  ہوں۔ نواز شریف اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب یتیم ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ ڈسکہ میں پنجاب کی بات کی تو حکومت کو مرچی لگ گئی۔ ڈسکہ میں پنجاب کی بات کی تو کہا گیا کہ پنجاب کارڈ کھیل رہی ہوں۔ مریم پنجاب کی بیٹی ہے پنجابیوں کی بات کیوں نہیں کرے گی؟ مریم جب سندھ جاتی ہے تو سندھیوں کی بات کرتی ہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں وہاں کے لوگوں کی بات کرتی ہوں۔ مریم پورے پاکستان کی بیٹی ہے۔

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ آج لوگوں کے پاس دوائی اور آٹا خریدنے کیلئے پیسے نہیں۔ پولیس سمیت تمام سرکاری ملازمین آج مشکل میں ہیں۔ تاجر، کسان اور مزدور سمیت سب خوار ہورہے ہیں۔ سلیکٹرز سے کہتی ہوں کہ یہ کارڈ دوبارہ مت کھیلنا۔

انہوں نے کہا کہ  آٹا،چینی اور گھی عوام کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں۔ ایل این جی منصوبے میں 122 ارب کا ڈاکہ ڈالا گیا۔ چینی چور 400 ارب کی چینی کھا گئے۔ عمران خان کا حال چور مچائے شور جیسا ہے۔ پشاور میٹرو بس چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب دوبارہ عمران خان کو موقع نہیں دے گا۔ پنجاب اور پاکستان میں آنے والی حکومت نواز شریف کی ہوگی۔


متعلقہ خبریں