غیر ملکی سرمایہ کاروں سے کروڑوں کی بٹ کوائن لوٹ لی گئی

بٹ کوائن کی قدر میں بڑی کمی

لاہور: بیرون ملک سے پاکستان سرمایہ کاری کے لیے آنے والے دو غیر ملکی افراد سے کروڑوں روپے مالیت کی ورچوئل کرنسی ’بٹ کوائن‘ لوٹ لی گئی ہے۔ ملک میں بٹ کوائن کو لوٹنے کی پہلی واردات رپورٹ ہوئی ہے۔

بٹ کوائن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی

ہم نیوز کے مطابق گن پوائنٹ پر ڈاکوؤں نے سوئزر لینڈ اور جرمنی کے شہریوں اسٹیفن اور میگرون سے ایک کروڑ 74 لاکھ روپے لوٹے ہیں۔ ملزمان نے غیر ملکی شہریوں سے لوٹ مار کے دوران ان پر تشدد کرنے کی ویڈیو بھی بنائی۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو عرفان محمود نامی شخص نے سرمایہ کاری کے بہانے بلایا تھا۔ اسٹیفن اور میگروں دس جنوری کو ترکی کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔

ملزمان کے خلاف غیر ملکیوں کی شکایت پر تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ درج ایف آئی آر کے مطابق دونوں غیر ملکیوں نے مال روڈ پر نجی ہوٹل میں رہائش اختیار کی۔

دونوں غیر ملکی باشندے ملزم عرفان محمود کی دعوت پر لاہور آئے تھے۔ اس سے قبل بھی عرفان سوئٹزر لینڈ اور جرمنی میں دونوں سے مل چکا تھا۔

بٹ کوائن کی قیمت25دنوں میں ڈبل ہوگئی

ایف آئی آر کے مطابق رات ساڑھے 9 بجے ملزم عرفان کھانا کھانے کے بہانے آیا اور دونوں کو ساتھ لے گیا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ وہ سب گھومتے رہے اور پھر ایک چھوٹی سڑک پر گاڑی روک دی گئی جہاں دو عدد گاڑیاں اور آئیں  جن میں سے صرف ایک میں ڈرائیور تھا۔ ڈرائیور کے ساتھ دونوں غیرملکی باشندوں کو بٹھا دیا گیا۔

درج ایف آئی آر کے مطابق کچھ دیر سفر کے بعد پھر ایک اور گاڑی آئی جس میں سے تین مسلح افراد اترے۔ مسلح ملزمان کی گاڑی کے ڈیش بورڈ پر پولیس کی لائٹ بھی تھی۔

مسلح ملزمان نے دونوں غیر ملکیوں کو روک کر تلاشی لی جس کے بعد ایک ملزم نے ہاتھ میں موجود شاپنگ بیگ سے پاؤڈر نکال کر اسٹیفن کے کپڑوں پر مل دیا اور اسے باہر نکالا۔ ملزمان نے اس عرصے میں دونوں غیر ملکیوں کی آنکھوں پر پٹی باندھ دی جس کے بعد انہیں ایک ڈیرے پر لے جایا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ڈیرے پر غیر ملکیوں سے 6300 یورو لوٹ لیے گئے جس کے بعد لیپ ٹاپ کے ذریعے بٹ کوائن بھی ٹرانسفر کرا ئی گئی۔

دونوں غیرملکیوں کو اس دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور منشیات اسمگلنگ میں پھنسانے کی دھمکی بھی دی گئی۔ ایف آئی آر کے مطابق غیرملکیوں سے مزید 30 کروڑ روپے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

بٹ کوائن کے پیچھے کون ؟

ایف آئی آر کے مطابق لوٹنے کے بعد دونوں افراد کو ٹیکسی اسٹینڈ پر چھوڑ کر ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مزید سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔


متعلقہ خبریں