نوازشریف کا مقابلہ کسی سے نہیں، وہ نااہل ہیں، تحریک انصاف


اسلام آباد: تحریک انصاف نے 11 مئی کو وزیرستان اور 12 مئی کو کراچی میں جلسے کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت قبائلی علاقوں میں بسنے والوں کا درد سمجھتی ہے اور پہلے دن سے انہیں پاکستان کے دیگر شہریوں کے برابرحقوق دینے کے حق میں ہے ، ہم فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔

پارٹی ترجمان نے کہا کہ عمران کے گیارہ نکات تحریک انصاف کا منشور ہیں، ان  کے حوالے سے ملک بھر میں سیمینارزکرائے جائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کا مقابلہ کسی سے نہیں کیونکہ وہ نااہل ہیں ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ن لیگ کی قیادت میں واضح اختلافات ہیں، ایک گروپ شہباز شریف اور چوہدری نثار کا ہے، دوسرا نواز شریف کا ہے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے الگ کھیل میں مگن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق انتخابات وقت پرہونے چاہئیں، نگراں وزیراعظم کا نام سامنے نہیں آئے گا تو اُس پر بات کیسے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام کو خفیہ نہیں رکھیں گے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ تحریک انصاف کو عام انتخابات میں ٹکٹس کے لیے دو ہزار 847 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جب کہ خواہش مند افراد 13 مئی تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ سندھ سے جس دن پیپلزپارٹی کی حکومت ختم ہوگی، اُس دن اس کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی اور زرداری صاحب کے لیے نواب شاہ سے باہر نکلنا مشکل ہوجائے گا۔

 


متعلقہ خبریں