’پارری گرل‘ نے اپنے نام کا مطلب بتا دیا


سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ’ پارری گرل‘ دنانیر نے اپنے منفرد نام سے متعلق بتایا ہے کہ اُن کا نام قدیم عربی زبان سے لیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے دولت۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ وہ اے لیول کی تعلیم مکمل کر چکی ہیں اور مزید تعلیم کے لیے مختلف جامعات میں داخلہ لینے کا سوچ رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میری زندگی کا مقصد ہے کہ میں ڈگری لینے کے بعد سی ایس ایس امتحان دوں اور اس میں کامیاب ہوں۔

’پارری گرل‘ کی ایک اور ویڈیو وائرل

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر چند سیکنڈز کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نوجوان لڑکی اپنے ہاتھ میں کیمرہ پکڑے  پہلے اپنے پیچھے کھڑی ایک گاڑی اور پھر اپنے چند دوست دکھاتی ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ ہی وہ اپنے مخصوص لہجے میں کہتی ہیں کہ یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارری  ہو رہی ہے۔

دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر لوگوں نے اس ویڈیو کی میمز بنانا شروع کر دیں جنہیں پاکستان سمیت بھارت میں بھی خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

اب تک اس وائرل ویڈیو کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ دیکھ چکے ہیں اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق 19 سالہ پارری گرل کا تعلق پشاور سے ہے اور ان کا نام دنانیر ہے۔

ویڈیو سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ یہ ویڈیو کوئی پلان کر کے نہیں بنائی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ نتھیا گلی گھومنے کے بعد جب ایک مقام پر کھانا کھانے کے لیے رکی تو اس وقت اچانک سے موبائل نکال کر میں نے ویڈیو بنائی اور اپ لوڈ کر دی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تو محض انسٹاگرام پر موجود اپنے فالوورز کو ہنسانے کے لیے ایسی ویڈیو بنائی۔

بی بی سی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سچ بتاؤں تو جب میں ویڈیو اپ لوڈ کر رہی تھی، اس وقت میرا وائرل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔


متعلقہ خبریں