عالمی ریکارڈ بنانیوالی پاکستانی طالبہ زارا نعیم کا ملک و قوم کی خدمت کا عزم

عالمی ریکارڈ بنانیوالی پاکستانی طالبہ زارا نعیم کا ملک و قوم کی خدمت کا عزم

لاہور: چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے امتحان میں عالمی ریکارڈ بنانیوالی پاکستانی طالبہ زارا نعیم ڈار نے تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد ملک و قوم کی خدمت کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اے لیول میں اکاؤنٹنگ اور اکنامکس کی تعلیم حاصل کرنے والی زارا نعیم عملی میدان میں بھی کامیابی اور نمایاں مقام حاصل کرنے کی خواہاں ہیں۔

ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس کے فنانشل رپورٹنگ امتحان میں 179 ممالک کے طلباء کو مات دیکر ٹاپ کرنے والی طالبہ زارا نعیم نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، ذ ہانت اور عزائم سے بھرپور قوم کی بیٹی نے اپنی کامیابی پر اپنی بے حد خوشی کا بھی اظہار کیا ہے۔

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے زارا نعیم نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد بہت اچھا لگ رہا ہے، خاص طور پر اپنی فیملی کے لئے خوش ہوں جو آج مجھ پر نازاں ہیں۔

زارا نعیم نے اپنے مضامین کے بارے میں بتایا کہ میری تعلیم اکاؤنٹنسی سے متعلق ہے، جس میں آڈٹ، ٹیکسیشن اور دیگر امور پر تعلیم دی جاتی ہے۔

کئی روز سے سوشل میڈیا پر ملنے والی پذیرائی پر زارا خوشی سے نہال ہونہار پاکستانی طالبہ کہتی ہیں کہ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر میری کامیابی کو سراہا جا رہا ہے جو کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں۔

زارا نعیم نے بتایا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کے دنوں میں امتحان کی تیاری بہت بڑا چیلنج تھا، آن لائن کلاسز میں تیاری کی، دسمبر میں سماجی فاصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے امتحانات کا انعقاد ہوا تھا۔

زارا کہتی ہیں کہ رواں سال کے آخر تک ان کا اے سی سی اے مکمل ہو جائے گا۔ اس کے بعد فیلڈ میں تجربہ حاصل کرنے کے لئے آرٹیکل شپ کا آغاز ہو گا، جس کے بعد اے سی سی اے کی ممبر شپ حاصل ہو گی۔

مزید پڑھیں: اکاؤنٹنگ: پاکستانی طالبہ دنیا میں اول نمبر، قوم کا سر فخر سے بلند

مستقبل سے متعلق زارا نعیم کا کہنا ہے کہ میں پاکستان میں اپنی کنسلٹینسی فرم بنانا چاہتی ہوں، جو بین الاقوامی کمپنیوں کو کنسلٹینسی فراہم کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اکائونٹنسی کی تعلیم سے جو وقت ملتا ہے اس میں مختلف مشاغل پورے کرتی ہوں، سیر و سیاحت اور اسپورٹس کا شوق رکھتی ہوں۔ آن لائن گیمنگ کے علاوہ میک اپ کرنا اچھا لگتا ہے اور ایک لائف اسٹائل بلاگ بھی چلا رہی ہوں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پارٹی ہو رہی ہے سے شہرت پانے والی  دنا نیر مبین اور اے سی سی اے میں کامیابی حاصل کرنے والی زارا نعیم کا دلچسپ موازنہ بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ہو رہا ہے۔ جس پر تبصرہ کرتے ہوئے زارا نعیم نے کہا کہ مجھے امید نہیں تھی کہ ایسا موازنہ کیا جائے گا، کیونکہ موازنہ ایسے دو افراد کے بارے میں کیا جاتا ہے جن میں کوئی مشابہت ہو ، بہت سارے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم دونوں کی شکل بھی ملتی ہے۔

زارا نعیم  کہتی ہیں کہ دنا نیر مبین بہت خوب صورت ہیں اور ان کا اسٹائل ان کو پسند ہے، میں نے بھی ان کا ٹرینڈ، پارٹی ہو رہی ہے، فالو کیا تھا۔ زارا لڑکیوں کو پیغام دیتی ہیں کہ اعتماد کامیابی کی ضمانت ہے، والدین کی اسپورٹ ہو تو لڑکیاں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہیں۔

زارا نعیم  اے سی سی اے کے نو فنڈامینٹل امتحانات میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکی ہیں جبکہ وہ پروفیشنل کے مزید چار امتحانات کی تیاری میں مگن ہیں۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز