نواز شریف خود خلائی مخلوق کی پیداوار ہیں، زرداری


لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت ایک نظریہ ہے جو نواز شریف کو سمجھ ہی نہیں آیا، ذوالفقار علی بھٹو اور  بے نظیر  بھٹو نے جان دے کر جبکہ میں نے گیارہ سال جیل کاٹ کر جمہوریت قائم کی لیکن اس وقت ہم ایک کمزور جمہوریت لے کر چل رہے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما ثمینہ خالد گھرکی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک  کے ساتھ  جو کچھ  کیا ہے اس سے بڑا سانحہ کوئی اور نہیں ہو سکتا،  نواز شریف نے شہزادہ سلیم بن کر ہماری جدوجہد اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  نواز شریف خود خلائی مخلوق کی پیداوار ہیں اور اُن کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یہاں پہنچے ہیں، چھانگا مانگا میں جنرل حمید گل اور دوسرے اداکار ہمارے خلاف نواز شریف کے ساتھ  تھے اور 1988 میں نواز شریف نے ہمارے خلاف اتحاد بنایا، یہی ساری وہ مخلوق ہے جو ہمارے خلاف استعمال ہوتی رہی ہے۔

عمران خان سے اتحاد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ضرورت ایجاد کی ماں ہے جس کی تازہ مثال سینیٹ انتخابات ہیں، عام انتخابات کے بعد دیکھیں گے کس کے ساتھ بیٹھنا ہے، اگر ایڈجسٹمنٹ نہ ہوئی تو ہم اپوزیشن اور حکومت دونوں میں بیٹھنے کو تیار ہیں، ہم نے حکومتیں کی ہیں اور کر کے دکھائیں گے۔

آصف زرداری نے کہا ہمیں وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر دیکھنے کا کوئی شوق یا لالچ نہیں، انہوں نے نہیں دیکھا اس لیے انہیں بڑی جلدی ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جو ہمیں چھوڑ گیا وہ پیدائشی جیالا نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ  بلاول بھٹو اور میری سیاست میں فرق ہو سکتا ہے کیونکہ بلاول 29 سال کا ہے اور میں 60 سال سے زیادہ کا ہوں۔

 


متعلقہ خبریں