سینیٹ انتخابات: پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے الیکشن کمیشن سے سینیٹ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس کی تقریر عمران خان سے برداشت نہیں ہوتی وہ اس کی آواز خاموش کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے جیسے امیدوار انہیں کانٹے کی طرح کھٹکتے ہیں جبکہ میری نامزدگی مسترد کرنے کا طریقہ انجینئرڈ ہے اور اب انجینئرڈ ڈیفالٹ کے ذریعے انتخاب سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مجھ پر نام نہاد ڈیمانڈز ڈالی گئیں اور مجھے کبھی کسی کی طرف سے اطلاع نہیں دی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخاب میں پہلے پیسوں کے ذریعے خریدنے کی کوشش کی جاتی تھی جبکہ لوگوں کو دباؤ، بلیک میلنگ اور مرضی سے ووٹ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب الیکشن کمیشن پاکستان کو بھی اس میں فریق بنا لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 6 ہزار ارب روپے کا قرض واپس کر چکے ہیں، وزیر اعظم

پرویزرشید نے کہا کہ جس محکمے کی طرف سے مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا میں نے رقم ادا کرنی ہے لیکن جب میں رقم ادا کرنے جاتا ہوں تو افسران اپنی نشستوں اور دفاتر سے غائب ہو جاتے ہیں۔ مجھے کوئی بینک اکاؤنٹ نمبر نہیں دے رہے جہاں رقم جمع کرا دوں۔

انہوں نے کہا کہ میں جعلی ڈیمانڈ ختم کرنے کے لیے پیسے جمع کرانا چاہتا ہوں کوئی وصول نہیں کر رہا۔


متعلقہ خبریں