فیس بک نے آسٹریلوی میڈیا کی شیئرنگ پر پابندی لگا دی

فائل فوٹو


کینبرا: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے آسٹریلین ذرائع ابلاغ کے صفحات کو شیئر کرنے پہ پابندی عائد کردی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فیس بک کا اسمارٹ واچ متعارف کرانے پر غور

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا میں قانون متعارف کرایا گیا تھا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس جب مقامی ذرائع ابلاغ کے مواد کو اپنی سائٹ پر شیئر کریں گی تو وہ میڈیا ہاؤسز کو اس کی ادائیگی کرنے کی پابند ہوں گی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس قانون پر اپنے ردعمل میں فیس بک سمیت دیگر اداروں نے کہا تھا کہ اس طرح تو پوری دنیا میں ایک مثال قائم ہو جائے گی جو ان کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچانے کا سبب بنے گی۔ فیس بک نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خبروں کی شیئرنگ پر ہی پابندی عائد کردے گا۔

آسٹریلوی حکومت اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع پر آسٹریلوی قانون دان جوش فرائیڈنبرگ نے مؤقف اپنایا تھا کہ فیس بک غلط کر رہا ہے، اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کر رہا ہے اور اس کا اقدام غیر ضروری و بے جا ہے۔

فیس بک اور گوگل کا اشتہارات پر اجارہ داری کیلئے معاہدہ

انہوں نے اس حوالے سے کہا تھا کہ آسٹریلوی حکومت اپنے اعلان و منظور شدہ قانون پر عمل درآمد ہر قیمت پہ کرائے گی۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عائد کردہ پابندی کی زر میں کئی حکومتی اور ہنگامی بنیادوں پر خدمات فراہم کرنے والے ادارے بھی اس پابندی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ ان میں ایسے حکومتی ادارے بھی شامل ہیں جو کورونا اور جنگلات میں آگے لگنے سمیت طوفان کی بھی اطلاع دیتے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے کیا جانے والا اعلان حکومتی پیجز پر لاگو نہیں ہوگا اور کمپنی ان صفحات کو بحال کردے گی جو نادانستہ طور پر متاثر ہو گئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا کے معروف سرچ انجن گوگل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر آسٹریلیا میں اس قانون پر عمل درآمد کیا گیا تو اس کے پاس واحد راستہ یہی بچے گا کہ وہ اپنی سروس بند کردے۔

فیس بک صارفین کا ڈیٹا پھر چوری ہو گیا

خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوگل کا اس حوالے سے مؤقف ہے کہ اس قانون سے فرد کی پرائیویسی متاثرہو گی اور آسٹریلیا میں موجود صارفین بھی متاثر ہوں گے کیونکہ وہ خدمات مفت حاصل کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں