سینیٹ انتخابات: خاتون اول کی دوست نے کاغذات نامزدگی واپس کیوں لیے؟

سینیٹ انتخابات: خاتون اول کی دوست نے کاغذات نامزدگی واپس کیوں لیے؟

لاہور: وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشری بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی نے پاکستان کے ایوان بالا (سنیٹ) کی نشست کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فرحت شہزادی نے پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم پارٹی کی سینئر قیادت نے اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے اور پارٹی قیادت پر تنقید کی گئی تھی۔

پارٹی کی جانب سے فرحت شہزادی کی نامزدگی کے حوالے سے گزشتہ روز پی ٹی آئی پنجاب کے سینئر رہنما اعجاز چودھری سے جب سوال کیا گیا تو انہوں نے اس حوالے سے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: سینیٹ الیکشن: خاتون اوّل کی قریبی دوست بھی امیدوار

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ فرحت شہزادی کی پارٹی کے لیے کوئی خدمات نہیں ہیں اور نہ ہی وہ پارٹی کی سرگرم رکن رہی ہیں۔ محض تعلقات کی بنیاد پر ٹکٹوں کی تقسیم خود پارٹی کے منشور اور پالیسی کے خلاف ہے۔

ذرائع کے یہ بھی بتایا کہ پی ٹی پنجاب نے پارٹی قیادت سے اس حوالے سے اپنے تحفظات پہنچادیے تھے، جس کے بعد فرحت شہزادی نے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی اپنے وکیل کے ذریعے واپس لے لیے ہیں۔

ہم نیوز کو فرحت شہزادی المعروف فرح خان کے اثاثوں کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں جس کے مطابق وہ 70 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کی مالک ہیں۔

اثاثوں کی تفصیلات  کے مطابق فرحت شہزادی کے اثاثوں کی مالیت 70 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے۔ ان کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران 94 لاکھ 99 ہزار کا اضافہ ہوا.

دستاویزات میں خاتون اول کی دوست نے واجبات کی صورت میں 22 کروڑ سے زائد کی رقم بھی ظاہر کی ہے۔

فرحت شہزادی کے نام پر دوبئی، ڈی ایچ اے، بحریہ ٹاون، چکری راولپنڈی میں کروڑوں روپے کے اثاثے ہیں۔ لاہور ڈی ایچ اے میں ان کی 6 پراپرٹیز کی مالیت 45 کروڑ 40 لاکھ 94 ہزار 5 سو روپے ہے.

اسلام آباد میں فرحت شہزادی کے فلیٹ کی مالیت 9 کروڑ 70 لاکھ، دوبئی میں موجود فلیٹ کی مالیت 1 کروڑ 57 لاکھ 49 ہزار بتائی گئی ہے.

اس کے علاوہ فرحت شہزادی نے 12 مختلف اداروں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے، ان کے 8 بینک اکاونٹس میں بھی کروڑو روپے ہیں۔


متعلقہ خبریں