ضمنی انتخابات: ڈسکہ میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق


سیالکوٹ: ضمنی انتخابات کے دوران ڈسکہ میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ 

قبل ازیں تحصیل ڈسکہ کے گاؤں گوندکہ نزد رنجھائی اسٹاپ پر پولنگ اسٹیشن میں فائرنگ سے چار افراد زخمی ہو گئے تھے۔  

سول اسپتال انتظامیہ نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولنگ اسٹیشن میں فائرنگ سے قبل دو موٹر سائیکل سواروں نے جی ٹی روڈ پر کھلے عام ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے باعث ماحول کشیدہ ہو گیا۔ 

خیال رہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی چار خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

قومی اسمبلی کے این اے 75 ڈسکہ اوراین اے 45 کرم میں پولنگ جاری ہے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے پی پی  51 وزیر آباد اور پی کے 63 نوشہرہ میں بھی شہری حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: خاتون اول کی دوست نے کاغذات نامزدگی واپس کیوں لیے؟

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف کے امیدوار مدمقابل ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی گئے ہیں۔ 

این اے 75 ڈسکہ میں ن لیگ کی نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے علی اسجد مد مقابل ہیں جب کہ  پی پی 51 وزیر آباد میں ن لیگ کی طلعت منظور اور پی ٹی آئی کے چودھری یوسف میں مقابلہ ہے۔ 

این اے 45 کرم میں پی ٹی آئی  رہنما فخر زمان اور جے یو آئی ایف کے ملک جمیل آمنے سامنے ہیں۔۔ پی کے 63 نوشہرہ میں ن لیگی  رہنما اختیار ولی اور پی ٹی آئی کے عمر کاکا خیل میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

ڈسکہ این اے  75 ضمنی الیکشن کی گہما گہمی  جاری ہے اور  ووٹ کی اہمیت کو جانتے ہوئے ایک  معذور بزرگ بھی ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بزرگ ووٹر کا کہنا تھا کہ ووٹ کاسٹ کرنا  انتہائی ضروری ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن: بلوچستان کے 35 امیدواروں کے کاغدات نامزدگی منظور، 6 کے مسترد

سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 میں بھی پولنگ کا عمل جاری ہے، اس حلقہ کے 4لاکھ 94 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ 

این اے 75 میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان بڑا مقابلہ متوقع ہے۔


متعلقہ خبریں