ڈی جی خان: اندھادھند فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق


پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے پل شیخانی کے بازار میں ملزم کی جانب سے اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ 

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزم سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مبینہ ملزم فائرنگ میں مارا گیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو قانونی کارروائی اور علاج کے لیے ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا۔ 

ملزم سے برآمد کیا گیا اسلحہ

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنک کا ذاتی دشمنی کے سبب پیش آیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فی الحال ایک حملہ آور کی شناخت غلام فرید کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کا تعلق شاہ صدردین کے نواحی علاقے پتی سلطان لاشاری سے ھے۔ مارے جانے والے مبینہ حملہ آور کی جیب سے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے وقوعہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے۔

مزید پڑھین: دہشتگردوں کی ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ، سپاہی شہید 

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے پل شخانی کے قریب فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فائرنگ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے شر پسند کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شر پسندوں کو قانون کی گرفت میں لاکر مزید کارروائی کی جائے۔ فائرنگ کے نتیجہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں