لاہور ایئر پورٹ سے پانچ کروڑ کی ہیروئن برآمد، اسمگلر گرفتار


لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) کی کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔

لاہور سے دبئی جانے والی ایمریٹس ایئرلائنز کی پرواز ای کے 623 کے مسافرنو شہرہ کے رہائشی غلام عباس کے سامان سے پانچ کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن برآمد ہوئی، ملزم کو گرفتار کرکے اے این ایف ہیڈ کوارٹرز منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

2018 میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منشیات اسمگلنگ کی کوششیں

رواں سال دو جنوری کو اے این ایف نے میاں بیوی کو گرفتار کیا جنہوں نے سرف کے پیکٹس میں افیون چھپا رکھی تھی۔

12 جنوری کو لاہور سے جدہ جانے والی نجی ایئرلائنز میں ایک فیملی سے ڈھائی کلو ہیروئن برآمد ہوئی جو تھرماس میں چھپائی گئی تھی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے 14 فروری کو منشیات سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی جو ملزمان فضل محمد اورعامراجمل نے اپنے سامان میں چھپا رکھی تھی۔

18 جنوری کو اے این ایف نے نیپالی باشندے سے منشیات کے 150 کیپسول برآمد کیے۔ ملزم سری لنکا جارہا تھا اور اس نے کیپسول اپنے معدے میں چھپا رکھے تھے۔

24 اپریل کو 15 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کی گئی جو محسن ضیاء نامی شخص نے اپنے کپڑوں میں چھپا رکھی تھی۔ ملزم نے ہیروئن اسمگل کرنے کے لیے پانچ لاکھ روپے وصول کیے تھے۔

 


متعلقہ خبریں