لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 141 رنز کا ہدف لاہور قلندرز نے18 ویں اوور مییں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور سہیل اختر نے ہدف کے تعاقب کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور چار اوورز تک ٹیم کا اسکور 29 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر قلندرز کے کپتان سہیل اختر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

قلندرز کی دوسری وکٹ 38 رنز پر گری جب فخر زمان وہاب ریاض کی گیند پر بڑی شاٹ مارتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد آغا سلمان اور محمد حفیظ کے مابین 14 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور ٹیم کا اسکور 53 رنز تک پہنچا تب آغا سلمان عماد بٹ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس دوران گیند ریورس سوئنگ شروع ہو گئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے بین ڈنک، سمتھ پٹیل اور ڈیوڈ ویزے کی وکٹیں حاصل کر لی۔

ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ زلمی قلندرز سے میچ چھین لے گی تاہم محمد حفیظ اور راشد خان نے دباؤ میں اچھا کھیلا اور ٹیم کو میچ میں فتح دلائی۔

پشاور زلمی کی اننگز

اس سے پہلے لاہور قلندرز کی شاندار گیند بازی کی بدولت پشاور زلمی بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

قلندرز کی جانب سے گیند بازی کا آغاز شاہین شاہ آفریدی نے کیا جنہوں نے پہلی ہی گیند پر امام الحق کو آؤٹ کر دیا۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد تجربہ کار بلے باز شعیب ملک کریز پر آئے تاہم وکٹ کے دوسرے اینڈ پر موجود سلامی بلے باز کامران اکمل اور ان کے بعد حیدر علی سلمان کی لگاتار دو گیندوں پر چلتے بنے۔

اوپر نیچے دو وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک کا ساتھ دینے کے لیے روی بوپارا آئے۔ اس دوران لاہور قلندرز کے کپتان نے پریشر برقرار رکھنے کے لیے خطرناک گیند باز راشد خان کو گیند تھمائی۔

زلمی کے تجربہ کار جوڑی نے راشد خان کو آرام سے کھیلنا شروع کر دیا، اس موقع پر سہیل اختر نے ڈیوڈ ویزے کو گیند بازی کی ذمہ داری سونپی۔ شعیب ملک اس دوران تھرڈ مین پر شارٹ کھیلتے ہوئے ویزے کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس دوران روی بوپارا کا ساتھ دینے کے لیے ردرفورڈ کریز پر آئے اور دونوں کھلاڑیوں میں مابین 64 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔

پشاور کی جانب سے رووی بوپارا 50 جب کہ ردرفورڈ  اور شعیب ملک 26، 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ نے تین جب کہ سلمان مرزا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹاس

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ راشد خان کی ٹیم میں موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے زلمی کو کم سے کم رنز تک محدود رکھیں۔

ٹیمیں

دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ لاہور قلندرز کے بولنگ لائن بہت مضبوط ہے تاہم ہم کوشش کریں گے کہ بڑا ہدف دے سکیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم میں کپتان سہیل اختر، فخر زمان، سلمان علی آغا، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمتھ پٹیل، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور محمد سلمان مرزا شامل ہیں۔

پشاور زلمی کی ٹیم میں کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی، شعیب ملک، روی بوپارا، ایس ردرفورڈ، احمد بٹ، وہاب ریاض، مجیب الرحمان، ثاقب محمود اور محمد عمران شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں