عمران خان اور نواز شریف صرف اقتدار چاہتے ہیں، بلاول


کوئٹہ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر چھوٹے صوبوں کو کالونیاں سمجھنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔

کوئٹہ کے ریلوے ہاکی گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور نواز شریف  ایک ہی تصویر کے دو رُخ ہیں اوردونوں صرف اقتدار چاہتے ہیں، نواز شریف پیپلز پارٹی کے ترقیاتی منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر داد وصول کرتے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکمرانوں نے بلوچستان کو سوائے احساس محرومی کے کچھ نہیں دیا۔ ن لیگ نے بلوچستان میں دل کا اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا جس پر آج تک عمل ہی نہیں کیا گیا جبکہ مغربی روٹ  تبدیل کرکے بلوچستان کو سی پیک کے ثمرات سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ سے لے کر آغاز حقوق بلوچستان تک پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چھوٹے صوبوں کے حقوق کی جنگ لڑی لیکن آج بھی ہمیں ہی طعنے دیے جارہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے لوگوں کو دہشت گردی کا سامنا ہے، بلوچستان میں اب بھی قتل و غارت گری جاری ہے اور خضدار اور مستونگ سے مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں