سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی امیدوار سیف اللہ ابڑو کےکاغذات نامزدگی مسترد



اسلام آباد: الیکشن ٹریبونل نےسینیٹ انتخابات کیلئے سندھ  سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے ہیں۔

سیف اللہ ابڑو کے خلاف غلام مصطفیٰ میمن نے اپیل دائر کی تھی۔ ٹریبونل نے قرار دیا  کہ سیف اللہ ابڑو سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ کی نشست کے اہل نہیں ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے سندھ سے جنرل نشست پرفیصل واؤڈا اور ٹیکنو کریٹ سیٹ پر سیف اللہ ابڑو کو امیدوار نامزد کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات کیلئے پی ٹی آئی نے امیدوار فائنل کر لیے

ٹریبونل نے کہا پی ٹی آئی امیدوار کے خلاف اپیل میں لگائے گئے اعتراضات درست ثابت ہوئے ہیں اور سیف اللہ ابڑو ٹیکنوکریٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتے ہیں۔

سیف اللہ ابڑو کیخلاف اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ  پی ٹی آئی امیدوار نے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے۔ سیف اللہ ابڑو کے اثاثوں میں اچانک کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ دائر درخواست کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے سنے بغیر سیف اللہ کے کاغذات نامزدگی منظور کيے تھے۔

پی ٹی آئی ایم پی اے خرم شیر زمان نے بھی سیف ﷲ ابڑو کو ٹیکنو کریٹ کی نشست پر سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سیف ﷲ ابڑو سال 2018 میں تحریک انصاف میں شامل ہوئے، جب کہ متعدد رہنما ایسے بھی ہیں جو سالہاسال پارٹی کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں