اسٹیبلشمنٹ مکمل غیر جانبدار ہے، یوسف رضا گیلانی


سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مکمل غیر جانبدار ہے، سینیٹ الیکشن میں جو فتح ہوگی وہ جمہوری قوتوں کی ہوگی۔ 

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پیسے لگانے کی باتیں ہورہی ہیں جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے، لوگ مجھے تعلق کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ 

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اعتماد کے لیے پی ڈی ایم کے تمام قائدین کا مشکور ہوں، میں نے اراکین کی عزت کرانی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات، یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مجھے ٹکٹ دیا ہے، میں پی ڈی ایم کی ترجمانی کروں گا، مجھے اپوزیشن کے 42 اراکین نے تعلقات کی بنیاد پر ووٹ دیے تھے۔

رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین میرے عزیز ہیں، ان سے رابطہ ہوا نہ ہی ملاقات، انہیں کہنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے وزیراعظم کے لیے مجھے کامیاب کرایا تھا، پی ڈی ایم کے تمام اکابرین کے پاس فرداً فرداً جاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے پہلے بھی متفقہ وزیراعظم منتخب کیا تھا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کے الیکشن لڑنے سے حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی صفحوں میں عدم اعتماد اور خوف نظر آرہا ہے، یوسف رضا گیلانی ضرور کامیاب ہوں گے۔ یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں حفیظ شیخ الیکشن لڑرہے ہیں۔ 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عام آدمی 2 سال سے مشکلات کا سامنا کر رہا ہے، 2 سال میں مہنگائی نے عوام کو پریشان کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان جلسہ: یوسف رضا گیلانی کے تین بیٹوں سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج

ان کا کہنا تھا کہ بجلی ، گیس، چینی، آٹا، گھی سب چیزیں مہنگی ہورہی ہیں، عام آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، عام آدمی ڈھائی سال سے کرب سے گزررہا ہے۔

پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا چیئرمین سینیٹ بننا ہم سب کیلئے اعزاز ہوگا۔


متعلقہ خبریں