سندھ میں کرپشن کا کلچر بنا ہوا ہے، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سندھ میں کرپشن کا کلچر بنا ہوا ہے جس کے خلاف کھڑے ہونے پر حلیم عادل شیخ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی کے ٹائیگر ہیں اور ان کے ساتھ جو کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔ حلیم عادل شیخ سندھ حکومت کی نااہلیوں اور کرپشن کی نشاندہی کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے حلیم عادل شیخ کا فارم ہاؤس گرایا جبکہ حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ پھینکا گیا۔ سندھ پولیس کی بھرتی سیاسی بنیادوں پر کی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تھر پارکھر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کو پیپلز پارٹی نے ہراساں کیا اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ضمنی انتخاب میں سرکاری مشینری کو استعمال کیا گیا۔ سندھ میں کرپشن کا ایک کلچر بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے اسپتالوں کی حالت، پینے کا پانی، امن و امان تک کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔ حلیم عادل شیخ جب سے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی بنے ہیں ان کو ہدف بنایا جا رہا ہے اور حلیم عادل شیخ کے خلاف سندھ حکومت کا رویہ 70 کی دہائی کی طرف لے جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات ہائی جیک کرنے والے جمہوریت پر دھبہ ہیں، وزیر اعظم

شبلی فراز نے کہا کہ ہم ایک ہی دن میں جادو کی چھڑی سے نظام ٹھیک نہیں کرسکتے۔ پی ٹی آئی نے 2018 کے انتخابات میں اپنے 20 ممبران کو بکنے پر باہر نکالا۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں وہی جماعتیں جیتیں جن کی ان علاقوں میں سیٹیں تھیں۔ پی ٹی آئی آج بھی اپنے مؤقف پرمضبوطی سے کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نظام کو آئین کے لبادے میں غلط طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے خزانوں کے منہ کھول دیئے اور بولیاں لگ رہی ہیں۔ بھٹو کے بعد کی پیپلز پارٹی نے کہا یوسف رضا گیلانی سینیٹ انتخابات جیتیں گے۔


متعلقہ خبریں