لاہور چڑیا گھر: 3 جانوروں کو آسان موت دینے پر غور شروع

لاہور چڑیا گھر: 3 جانوروں کو آسان موت دینے پر غور شروع

لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ نے لاعلاج مرض کا شکار تین جانوروں کو آسان موت دینے پر غور شروع کردیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق لاہور چڑیا گھر میں موجود ٹائیگر سیم، بھورا بھالو اور مادہ زیبرا عمر رسیدہ ہونے کے ساتھ  ساتھ مختلف بیماریوں کا شکار ہیں اور ان کا علاج ممکن نہیں ہے، لہذا ان تینوں  جانورں کو یوتھنائز کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

چڑیا گھر انتظامیہ کا موقف ہے کہ ٹائیگر سیم کا پچھلا دھڑ مفلوج ہو چکا اور وہ افزائش نسل کے قابل نہیں ہے۔ بھورا بھالو جو 2015 میں ایک سیاسی جلسے سے ریسکیو کیا گیا تھا،وہ بھی بالکل اندھا اور بوڑھا ہو گیا ہے، جبکہ سات سال کی مادہ زیبرا کو جوڑوں کا شدید مسئلہ ہے، اس کا چلنا پھرنا انتہائی مشکل ہے۔

اس حوالے سے چڑیا گھر کی ڈپٹی ڈائریکٹر کرن سلیم کا کہنا ہے کہ ان کے علاج کی بہت کوشش کی گئی اور اسپیشلسٹ ڈاکٹروں سے ان کا علاج کرایا لیکن ان کا علاج  ممکن نہ ہسکا۔

مزید پڑھیں: لاہور چڑیا گھر کے تمام جانور کورونا فری قرار

چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے پہلے بھی کچھ جانوروں کو آسان موت دینے سے متعلق ایسی تجاویز سامنے آئیں، مگر وہ جانور فیصلے سے قبل ہی مر گئے۔

دوسری جانب چڑیا میں سیر کیلئے  آئے ہوئے شہری رفیق احمد، عزیر علی نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کو آسان موت دینے کی تجویز پر پریشان ہیں۔ مناسب دیکھ بھال کر کے جانوروں کو مختلف بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانور شہریوں کے لیے تفریح کا بہترین ذریعہ ہیں اور ان جانوروں کی حفاظت ایسے ہی کرنی چاہئے جیسے ہم اپنا خیال رکھتے ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی مناسب دیکھ بھال کیلئے ضروری ہے کہ جدید لیبارٹری اور ماہر طبی عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہے۔


متعلقہ خبریں