پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 194 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا۔ سلامی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 57 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

اننگز کے چھٹے اوور میں کامران اکمل 37 رنز بنا کر عثمان قادر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر ڈیبیو کرنے والے انگلش کرکٹر ٹام کوہلر کاڈمور کریز پر آئے اور انہوں نے امام الحق کے ساتھ 77 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی۔

ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ یہ جوڑی میچ جتوا دے گی تاہم سلطانز کے دھانی نے اوپر نیچے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ دلچسپ بنا دیا۔

پشاور زلمی کو تین اووز میں 37 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر حیدر علی نے مختصر مگر جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح دلا دی۔

حیدر نے 8 گیندوں پر 24 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

ملتان سلطانز کی اننگز

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور کرس لین نے کیا۔

سلطانز کو پہلا جھٹکا دوسرے اوور میں ملا جب کرس لین محمد عرفان کی باہر جاتی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد جیمز ونس کریز پر آئے اور انہوں نے کپتان محمد رضوان کے ساتھ مل 82 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

اس دوران محمد رضوان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

رضوان کے آؤٹ ہونے کے جیمز ونس اور شعیب مقصود نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور میدان کے چاروں اطراف چوکوں اور چھکوں کی بارش کر دی۔

جیمز ونس نے 55 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 84 جب کہ شعیب مقصود نے دو چھکوں اور چار چوکوں سے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض مہنگے بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوورز میں 51 رنز دیئے۔

ٹیمیں

 


متعلقہ خبریں