لاہور کیخلاف سرفراز کو غصہ بار بار کیوں آیا؟

لاہور کیخلاف سرفراز کو غصہ بار بار کیوں آیا؟

کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد باؤلرز کی کارکردگی سے سخت نالاں نظر آئے، جب جب باؤلرز کو چھکا یا چوکہ لگا سرفراز نے غصہ کیا۔

لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران انتہائی غصے میں دکھائی دیے۔

قلندرز کے محمد حفیظ اور فخر زمان نے گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کے خلاف لاٹھی چارج شروع کیا تو سرفراز احمد خود پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی باؤلرز کو سنانا شروع کر دی۔

گلیڈی ایٹرز کے فیلڈرز کی جانب سے ناقص کارکردگی اور گیند بازوں کی جانب غیر ذمہ دارانہ کارکردگی نے میچ میں سرفراز کا پارا گرم رکھا۔ میچ کے دوران کوئٹہ کے کپتان کبھی باؤلرز تو کبھی فیلڈرز کو جھاڑ پلاتے دکھائی دیے۔

سرفراز احمد نے میچ کے دوران پہلے لیگ اسپنر زاہد محمود اور پھر فاسٹ باؤلر عثمان شنواری پر غصے کا اظہار کیا۔ ایک موقع ایسا بھی آیا کہ سرفراز کا غصہ ٹھنڈا کرنے کے لیے کوچ معین خان کو میدان میں آنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6: حفیظ، فخر کی دھواں دار بلے بازی، قلندرز 9 وکٹوں سے کامیاب

سرفراز احمد نے لاہور قلندرز کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست کی ذمہ داری ناقص فیلڈنگ پر ڈال دی اور میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی گیم میں فیلڈنگ ہی میچ جتواتی ہے۔

سرفراز احمد کی جانب سے میچ کے دوران بار بار غصے کو سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ سرفراز احمد کو سوچنا چاہیے کہ یہ گلی محلے کی ٹیم نہیں ہے انہیں دوسرے کھلاڑیوں کا بھی احترام کرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں