فیصل واوڈا سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار

فائل فوٹو


کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا ہے۔

پپیلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل کی جانب سے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کو عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا۔

قادر خان مندوخیل کی جانب سے دائر درخواست میں فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے۔

انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر کے سامنے اعتراضات دائر کیے مگر انہوں نے سننے سے انکار کر دیا، ریٹرننگ افسر کا اقدام غیر قانونی اور غیرآئینی ہے۔

ایڈووکیٹ قادر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا حقائق چھپانے پرعوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں لہذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگی رہنما پرویز رشید سینیٹ الیکشن کیلئے نا اہل قرار

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔

فیصل واوڈا کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے موکل نے امریکی شہریت چھوڑ دی تھی اور کسی سے حقائق نہیں چھپائے۔

وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کے کاغذات پر اعتراضات خلاف قانون ہے، قادر خان مندوخیل کی اپیل مسترد کی جائے۔

درخواست گزار قادر مندوخیل کے وکیل رشید اے رضوی نے دلائل دیتے ہوئے کہا یہ کہنا غلط ہے کہ فیصل واوڈا نے حقائق نہیں چھپائے۔ فیصل واوڈا نے 2018 کے انتخابات میں امریکی شہریت کا ذکر نہیں کیا۔

الیکشن ٹربیونل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصل واوڈا سینیٹ انتخابات کیلئے اہل قرار دے دیا۔


متعلقہ خبریں