کراچی کی بریانی، دستر خوان کی ملکہ


اگر آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے تو بریانی بلا مبالغہ دسترخوان کی ملکہ ہے کیونکہ بریانی کا نام سنتے ہی نہ صرف آپ کی بھوک چمک اٹھتی ہے بلکہ منہ میں پانی بھی آجاتا ہے اور یہی بریانی اگر کراچی کی ہو تو مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔ جی ہاں اب یقینی طور پر آپ کے ذہن میں بریانی کے ذائقے اور خوشبو نے ڈیرے ڈال لیے ہوں گے اور اگر آپ نے ابھی کھانا نہیں کھایا تو اب آپ بریانی تناول فرمانے کا سوچ رہے ہوں گے لیکن ذرا رکیں، پہلے یہ پڑھ کر فیصلہ کیجئے گا کہ آپ کون سی بریانی کھانا چاہتے ہیں کیوں کہ آج ہم آپ کو بتائیں گے کراچی کی مشہوراور لذیذ بریانی کے بارے میں، جس کی کئی اقسام ہیں اور ہر قسم اپنا منفرد انداز رکھتی ہے۔

آپ نے خوشبودار، مزے دار اور ذائقہ دار بریانی، کراچی کی مشہور بریانی یا کراچی کی خاص بریانی جیسے  بورڈز تو اکثر دکانوں پر دیکھے ہوں گے لیکن کراچی کی اصل بریانی ہر جگہ دستیاب نہیں کیوں کہ صرف نام رکھنے سے اصل بریانی نہیں بن جاتی۔

بریانی کی تاریخ:

بریانی صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ برصغیر کی ’ اجتماعی ‘ ڈش ہے کیونکہ اسے پاکستان اور ہندوستان میں یکساں رغبت سے کھایا جاتا ہے۔ اسے کھانے کے متوالے تو بہت ہیں لیکن ابھی تک کوئی حتمی طور پر اس کی جائے پیدائش معلوم نہیں کرسکا البتہ دعویداروں کی کوئی کمی نہیں۔

ہندوستان کے کئی علاقے کہتے ہیں کہ بریانی ہمارا روایتی کھانا ہے۔ جبکہ پاکستان کا صوبہ سندھ بھی کچھ اسی طرح کا دعویٰ کرتا ہے۔

بھارتی محققین کا کہنا ہے کہ بریانی دراصل پلاؤ کی ارتقائی شکل ہے اور 400 برس قبل بھارتی ریاست دکن کے شہرحیدرآباد کی بریانی اپنی مثال آپ تھی جسے حیدرآبادی بریانی کہا جاتا تھا لیکن یہ دعویٰ اتنا متعبر نہیں کہ اسی کو بریانی کی ابتدا تسلیم کر لیا جائے۔

ایک معتبر تحقیق کے مطابق بریانی ایران کی ڈش ہے۔ اس بات کو اس لیے بھی تقویت ملتی ہے کہ بریانی فارسی زبان کا لفظ  ہے جس کے معنی ”برنج بريان” کے ہیں اورعام فہم زبان میں اس کا مطلب ہے بھنے ہوئے چاول۔

اہل علم کے مطابق ایران میں بریانی کو دھیمی آنچ پر پکایا جاتا ہے اور اسے دم بھی دیا جاتا ہے۔ اس لیے اس بات میں کوئی شبہ نہیں رہ جاتا کہ بریانی کی شروعات ایران سے ہوئی۔

ایران میں ہلکی آنچ پر مصالحے میں تر چاولوں کو ان کے اپنے پانی میں ہی دیر تک پکایا جاتا ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہندوستان میں بریانی کہاں سے اور کیسے پہنچی؟ تو اس کے بارے میں کوئی واضح ثبوت نہیں ملتے کہ کون اس ڈش کو یہاں لے کر آیا۔

اب یہ ڈش ہرعلاقے میں تھوڑے بہت ردوبدل کے ساتھ بنائی اور کھائی جاتی ہے لیکن پاکستان میں سب سے زیادہ مشہور کراچی کی بریانی ہے۔

کراچی کی بریانی:  پاکستان کے معاشی حب کراچی میں کئی طرح کی بریانی دستیاب ہے جن میں تہ داربریانی، بیف بریانی، کراچی بریانی، وائٹ بریانی، زعفرانی بریانی، مصالحے دار بریانی، تکہ بریانی، سندھی بریانی اور مکس بریانی قابل ذکر ہیں۔

کراچی میں بریانی کے مشہور علاقے: کراچی کا علاقہ صدر بریانی کے لیے سب سے زیادہ مشہور ہے پورے شہر میں اس جیسی بریانی کہیں نہیں ملتی۔

صدر کی مشہور بیف بریانی:

صدرکی سب سے مشہور بریانی ، بیف بریانی ہے جس کا اپنا ایک منفرد ذائقہ ہے۔ اب مختلف جگہوں پر چکن یا مٹن بریانی بننے لگی ہے لیکن بیف بریانی ہی اصل بریانی ہوتی ہے۔ مصالحے دار گرم چاولوں کے ساتھ نرم اور چکنے گائے کے گوشت کی مزیدار بوٹیاں، جسے دیکھتے ہی منہ میں پانی آجاتا ہے۔

صدر کی تہ دار بریانی:

صدر کی چکن، مٹن اور بیف کی تہ دار بریانی بھی اپنی مثال آپ ہے۔ اس میں پہلے چاولوں کی ایک تہ لگائی جاتی ہے پھر اس پر ذائقے اور لذت سے بھر پور تیار کردہ مصالحے کی ایک اور تہ لگا دی جاتی ہے۔ اسی طرح باری باری چاولوں اور مصالحے کی تہیں لگا کراسے دم دے دیا جاتا ہے۔

صدر کی مکس بریانی:  یہ بھی تہ دار بریانی کی طرح ہوتی ہے، فرق صرف یہ ہے کہ اس میں زردہ رنگ ملایا جاتا ہے اور چاولوں کے ساتھ مصالحے کی تہیں لگانے کے بعد انہیں مکس کر دیا جاتا ہے۔

صدر کی وائٹ اور زعفرانی بریانی: صدر میں ایک اور منفرد اور مزیدار بریانی بھی دستیاب ہے جس میں رنگ کے بجائے زعفران کا استعمال کیا جاتا ہے اور یہ کہلاتی ہے وائٹ زعفرانی بریانی جس کا مزہ بھی سب سے الگ ہوتا ہے۔

برنس روڈ کی کراچی بریانی: برنس روڈ، کراچی کی مشہور اور قدیم فوڈ اسٹریٹ پر ویسے تو بریانی کی بہت سی دکانیں ہیں لیکن سب سے مشہور یہاں کی کراچی بریانی ہے۔

چٹ پٹی بریانی: یہ وہ بریانی ہے جو کراچی کی ہر دوسری گلی میں دستیاب ہے خاص طور پر گلشن اقبال میں اکثر دکانوں پر ملتی ہے لیکن اس کا ذائقہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ خاص طورپر گلشن کےعلاقے موتی محل کی ایک دکان پردستیاب چٹ پٹی بریانی کا اپنا ہی مزہ ہے۔

یہ تو ہیں کراچی کی مشہور، منفرد اور مزیدار بریانی کی اقسام جو پورے پاکستان میں نہیں ملتیں، اگر آپ بھی کھانا چاہتے ہیں اصل بریانی تو آ جائیں کراچی۔


متعلقہ خبریں