شرجیل کی سنچری رائیگاں: اسلام آباد نے کراچی کو شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا تھا جو انہوں نے اننگز کے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز انگلش جوڑی فلپ سالٹ اور ایلکس ہیلز نے کیا جو اچھا ثابت نہ ہو سکا۔

فلپ سالٹ پہلے ہی اوور میں عماد وسیم کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ اس دوران ایلکس ہیلز نے جارحانہ بلے بازی اختیار کی، ان کا ساتھ دینے کے لیے اسلام آباد کے کپتان شاداب خان آئے۔

اننگز کے دوسرے اوور میں اسلام آباد کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان شاداب خان بغیر کوئی رنز بنائے محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر ایلکس ہیلز کا ساتھ دینے کے لیے فہیم اشرف آئے اور دونوں نے مل کر جارحانہ بلے بازی شروع کر دی اور محض 5 اوورز میں ٹیم کا اسکور 75 رنز تک پہنچا دیا۔


رنز کا بہاو روکنے کے لیے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے گیند بازی کی ذمہ داریاں وقاص مقصود کو سونپی جنہوں نے ہیلز کی انتہائی اہم وکٹ حاصل کر لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے بڑی وکٹ گرنے کے باوجود رنز بنانے کا سلسلہ تیزی سے جاری رکھا۔

فہیم اشرف کی وکٹ گرنے کے بعد تجربہ کار افتخار احمد اور حسین طلعت نے اچھی بلے بازی کی۔

اس دوران حسین طلعت محمد نبی کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے، اس موقع پر آصف علی نے آتے ہی نبی کو چھکا مارا اور ٹیم پر سے دباؤ اتار دیا۔

اسلام آباد کی جانب سے افتخار 49، ہیلز 46 اور حسین طلعت 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس جیت کے ساتھ اسلام آباد یونائٹیڈ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

کراچی کی اننگز

ٹاس ہارنے کے بعد کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ اور مقررہ 20 اوورز میں  3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی سلامی جوڑی شرجیل خان اور بابر اعظم نے شراکت داری کا ریکارڈ بنا ڈالا۔ کنگز کے اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 176 رنز کی شراکت داری قائم کی۔


اسلام آباد یونائٹیڈ کے گیند بازوں نے متعدد نو بالز کرائی جن کا شرجیل خان اور بابراعظم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان نے شاندار سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی اننگز کھیلی۔

بابراعظم نے 54 گیندوں پر 62 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 6 چوکے شامل ہیں۔

 


اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹیمیں

کراچی کنگز کو پوائنٹس ٹیبل پر برتری حاصل ہے۔ اس نے اب تک ایک میچ کھل کر دو پوائنٹس حاصل کیے اور دوسری پوزیشن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی


متعلقہ خبریں