الیکشن کمیشن این اے 75 میں دوبارہ انتخابات کرائے، مریم نواز


لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن 20 پولنگ اسٹیشنز پر نہیں بلکہ پورے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات کرائے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈسکہ میں منظم دھاندلی کی اور مسلم لیگ ن کے ووٹرز کو ہراساں کیا گیا جبکہ پولنگ اسٹیشنز کو بند کرنے کے لیے فائرنگ کرائی گئی۔ 6، 6 گھنٹے پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ معطل رہی۔

مریم نواز نے کہا کہ دھند کی آڑ میں پریذائیڈنگ افسران کو اغوا کر لیا گیا اور الیکشن کمیشن میں بھی ناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ اب چیف الیکشن کمشنر ڈسکہ کے عوام کو انصاف دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 20 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ انتخاب نہیں چاہیے بلکہ الیکشن کمیشن پورے این اے 75 ڈسکہ میں انتخابات کرائے۔

حمزہ شہباز کی ضمانت پر انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز نے ہمت اور بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا جبکہ ایک اور ایک گیارہ ہوتے ہیں اب ہم ساتھ ہوں گے۔ حمزہ کی کمی ہر فورم پر محسوس کی۔ براڈ شیٹ کو پہلے ہی روز فراڈ شیٹ کہا تھا اور اب یہ براڈ شیٹ کمپنی ان کو رسوا اور بےنقاب کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا فیصل واوڈا قانون سے بالاتر ہیں؟الیکشن کمیشن برہم

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پرویز رشید نے حق کا ساتھ دیا اور پرویز رشید کے فیصلے نے انصاف کے 2 نظام کو ثابت کر دیا۔ نواز شریف سے پیسے نکلوانے کے چکر میں انہیں رقم دینی پڑ گئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آج ہی کیوں سینیٹ انتخابات کی شفافیت یاد آئی۔ ترمیم کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس نہیں ہے اور پی ٹی آئی عدالتوں کو ان معاملات میں گھسیٹنے کی کوشش نہ کرے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں علاج کہاں کراوَں گی یہ بحث نہیں ہے لیکن میں بیرون ملک نہیں جاؤں گی۔


متعلقہ خبریں