اسسٹنٹ کمشنرز کی مانیٹرنگ شروع

اسسٹنٹ کمشنرز کی مانیٹرنگ شروع

فائل فوٹو


لاہور: پنجاب حکومت نے اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی جانچنے کیلئے بالآخر آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا سہارا لے لیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب آفس نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مدد سے اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی اور آن سپاٹ پرفارمنس پرکھنے کیلئے  نئی ایپ متعارف کروائی ہے۔

نئی ایپ کے ذریعے افسران کی کارکردگی کا جائزہ، اشیائے ضروریہ کی پرائس چیکنگ، اراضی سینٹرز کے معائنے، لینڈ ریونیو کلیکشن اور پاکستان سیٹزن پورٹل پر موصول شکایات کی بنیاد پر لیا جائے گا۔

اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری کا کہنا ہے کہ پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد لی جا رہی ہے، آفیسرز جتنی زیادہ معلومات  ڈالیں گے اتنا ان کی کارکردگی کو جانچنا آسان ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات ضلعی انتظامیہ کو منتقل

اسسٹنٹ کمشنرز کے مطابق اس ایپ سے عوام الناس کے مسائل مزید بہتر طریقے سے حل کرنے میں مدد ملے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر منچن آباد محمد اکمل کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کی پوسٹ فیلڈ آپریشن سے متعلق ہے، جس کا مقصد عوام الناس کے مسائل کو سمجھنا اور ان کو حل کرنا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری کا کہنا ہے کہ ایپ میں موجود پرفارمنس انڈیکیٹرز کے ذریعے بہترین کارکردگی پر اسسٹنٹ کمشنرز کو ایوارڈ بھی دیا جائے گا،جبکہ آنیوالے دنوں میں ایپ کی مدد سے ہی کارکردگی کی بنیاد پر ٹرانسفر پوسٹنگ بھی کی جا سکے گی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ موبائل اپلی کیشن کی مدد سے اسسٹنٹ کمشنرز کی موومنٹ اور انتظامی معاملات کی نگرانی بھی کی جائے گی۔ تمام تحصیلوں میں انتظامی معاملات، لینڈ ایڈمنسٹریشن اورعوام کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کی مانیٹرنگ مختلف سیکٹرزکی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ، ماہانہ اور سیزنل بینادوں پر کی جائے گی، مہینے کے آخر میں تمام اضلاع کی پرفارمنس رپورٹ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو پیش کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں