سینیٹ الیکشن کے بعد عدم اعتماد پر بات ہوسکتی ہے، بلاول


لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے بعد حکومت کے خلاف عدم اعتماد پر بات ہوسکتی ہے، قوم کے سامنے سینیٹ الیکشن کا اچھا رزلٹ رکھیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے مل کر ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا، پی ڈی ایم نے مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا تھا، پی ڈی ایم نےکم مدت میں فیصلےکیے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ یوسف رضاگیلانی کی جیت کے بعد جمہوریت بحال ہوجائے گی، حکومت نے مختصر وقت میں خود کو بے نقاب کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن این اے 75 میں دوبارہ انتخابات کرائے، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کو بے نقاب کیا، جمہوریت ہم سب کےمفادمیں ہے، ہم پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں، ارکان پارلیمنٹ کا امتحان ہے کہ وہ عوامی توقعات یاعمران خان کے خوف سے ووٹ ڈالیں گے۔

بلاول نے کہا کہ ہمیشہ جمہوریت اور پارلیمان کی بات کرتا ہوں۔ چاہتے ہیں کہ حکومت تبدیل ہو تو جمہوری طریقے سے تبدیل ہو۔ پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو جمہوری انداز سے مشکلات سے نکلنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تمام ضمنی الیکشن میں حکومت کو بری طرح شکست ہوئی۔ ضمنی الیکشن میں ثابت ہوگیا کہ عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔

بلاول کے مطابق یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سےالیکشن لڑیں گے۔ یوسف رضا کو مشترکہ امیدوار بنانے پر تمام جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔ ہم جانتے ہیں ہمارے پاس کم ووٹ ہیں۔ مارچ کے آخرمیں”مارچ”ہوگا۔ حکومتی اتحادیوں کو کہتے ہیں کہ گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو۔


متعلقہ خبریں