مفاد پرست سیاستدان ایک دوسرے کا احتساب نہیں کریں گے، سراج الحق


ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مفاد پرست سیاستدان ایک دوسرے کا احتساب نہیں کریں گے۔ 

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے کورونا وبا سے زیادہ نقصان پہنچایا جبکہ مہنگائی نے پوری قوم کو پاگل بنا دیا ہے اور اب لوگ سونامی سے پناہ مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں کہ سینیٹ کا ٹکٹ 35 کروڑ میں بیچا گیا۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے مفاد یکساں ہیں اور یہ ایک دوسرے کا احتساب نہیں کریں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ تمام مطالبے ماننے کے باوجود ایف اے ٹی ایف نے ہمیں گرے لسٹ میں رکھا یہ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے تاہم گرے لسٹ میں نام برقرار رہنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں ہے اور 73 سالوں سے مفاد پرست طبقہ اقتدار پر قابض ہے۔ سیاسی شہزادوں کی بیرون ملک بھی قیمتی جائیدادیں ہیں اور ان سیاستدانوں کو بڑے بڑے مافیاز سپورٹ کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا میں دو وکٹیں گرا لیں

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی ہی لا سکتی ہے اور اگر جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو جنوبی پنجاب کو انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنائے گی۔ موجودہ حکومت ایک ہزار سال میں بھی تبدیلی نہیں لا سکتی۔


متعلقہ خبریں