پوری قوم نے احتساب کے تماشے کا انجام دیکھ لیا، حمزہ شہباز


پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پوری قوم نے احتساب کے تماشے کا انجام دیکھ لیا، حکومت کے انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہو رہی۔

کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو ہمارے خلاف کچھ نہیں ملتا تو مہنگائی کر کے عوام پر غصہ نکالتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تین سال میں ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ کر سکے۔ قوم کے لیے جتنی قربانیاں دینا پڑی دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے عمران خان کے انتقام کا سامنا کیا،رانا ثناء اللہ کے خلاف کچھ نہ ملا تو منشیات کا کیس بنا دیا۔

خیال رہے کہ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور پارٹی کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے حمزہ شہباز کا کوٹ لکھپت جیل کے باہر استقبال کیا۔ ن لیگی کارکنوں نے اس موقع پر زبردست نعرہ بازی بھی کی۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز مبینہ منی لانڈرنگ کیس  میں 20 ماہ سے جیل میں تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے مبینہ منی لانڈرنگ میں گرفتار حمزہ شہباز کی ایک ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

حمزہ شہباز کو تاحال رہائی نہ مل سکی

لاہور پہائی کورٹ کے جج جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

نیب کے مطابق  حمزہ شہباز نے 181 ملین روپے وصول کیے اور جعلی لوگوں کے نام سے بیرون ملک سے ترسیلات منگوائی گئی ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق حمزہ شہباز کے اثاثوں میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوا لیکن وہ ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔

قومی احتساب بیورو کا الزام ہے کہ شہباز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں نے 9 انڈسٹریل یونٹس سے 10 برسوں میں اربوں کے اثاثے بنائے، تحقیقات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے فرنٹ مین، ملازمین اور منی چینجرز کے ذریعے اربوں روپے کے اثاثے بنائے جبکہ شہباز شریف نے متعدد بے نامی اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی۔

نیب لاہور کے مطابق شہبازشریف اور ان کے صاحبزادوں نے سال 2008 سے 2018 تک 9 کاروباری یونٹس قائم کیے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرلیا

سال 1990 میں شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 21 لاکھ تھی اور 1998 میں ان کی اور ان کی اولاد کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 8 لاکھ ہو گئی۔

نیب کے مطابق 2018 میں شہباز شریف  اور ان کے اہلخانہ کے اثاثوں کی مالیت بینامی کھاتے داروں، فرنٹ مین کی وجہ سے 6 ارب کے قریب پہنچ گئی۔ شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ نے کرپشن کر کے 7 ارب سے زائد کے اثاثے بنائے۔

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں جبکہ شہباز شریف اور ان کے دیگر اہلخانہ کے خلاف نیب منی لانڈرنگ کیس میں تمام قانونی تقاضے پورے کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں