سینیٹ کے قیام سے اب تک بننے والے چیئرمین

سینیٹ کے قیام سے اب تک بننے والے چیئرمین

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سینیٹ کی تشکیل سے لے کر اب تک 8 چیئرمین آ چکے ہیں۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق چودہ اگست 1973 کو نافد ہونے والے آئین کی رو سے پاکستان میں پارلیمانی نظام حکومت رائج کیا گیا اور مجلس شوریٰ کے 2 ایوان تشکیل دیے گئے۔ جن میں ایک ایوان بالا یعنی سینیٹ اور دوسرا ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی کہلاتا ہے۔

سب سے پہلے چیئرمین سینیٹ خان حبیب اللہ خان تھے۔ جن کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا۔ انہوں نے 1973 میں بطور سینیٹر حلف اٹھایا اور 6 اگست 1973 سے 4 جولائی 1977 تک چیئرمین رہے۔ وہ 2 بار چیئرمین سینیٹ منتخب ہو چکے ہیں۔

سینیٹ کے دوسرے چیئرمین آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہونے والے غلام اسحاق خان تھے۔ وہ 21 مارچ 1985 سے 12 دسمبر 1988 تک چیئرمین رہے اور یہ بھی 2 بار چیئرمین رہے ہیں۔

سینیٹ کے تیسرے چیئرمین وسیم سجاد نے 24 دسمیر 1988 کو عہدہ سنبھالا اور وہ 12 اکتوبر 1999 میں سبکدوش ہوئے۔ وسیم سجاد 4 بار چیئرمین سینیٹ رہ چکے ہیں۔

مسلم لیگ ق کے سینیٹر محمد میاں سومرو چوتھے چیئرمین سینیٹ بنے اور ان کے عہدے کی مدت کی میعاد 23 مارچ 2003 سے 12 مارچ 2009 تک ہے۔ میاں محمد سومرو بھی 2 بار چیئرمین سینیٹ رہ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں نمائندگی کا طریقہ کیا ہے؟

پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے فاروق ایچ نائیک 12 مارچ 2009 سے 11 مارچ 2012 جبکہ پیپلز پارٹی کے ہی نیئر حسین بخاری 12 مارچ 2012 سے 12 مارچ 2015 تک چیئرمین سینیٹ رہے ہیں۔ ان کے بعد پیپلز پارٹی کے تیسرے سینیٹر رضا ربانی 12 مارچ 2015 سے 11 مارچ 2018 تک چیئرمین کے عہدے پر فائز رہے۔

12 مارچ 2018 کو سینیٹر صادق سنجرانی نے چیئرمین سینیٹ کا عہدہ سنبھالا۔ جو جنرل نشست پر آزاد امیدوار کے طور پر سینیٹر منتخب ہوئے۔ اگست 2019 میں صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائی جو کامیاب نہ ہو سکی۔ ۔صادق سنجرانی کے حق میں 45 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ اس وقت ایوان میں حکومت کے ارکان کی تعداد 36 تھی۔ صادق سنجرانی تاحال چیئرمین سینیٹ کے عہدے پرفائز ہیں۔


متعلقہ خبریں