یوسف رضا گیلانی بھاری اکثریت سے سینیٹر منتخب ہوں گے، شاہد خاقان

یوسف رضا گیلانی بھاری اکثریت سے سینیٹر منتخب ہوں گے، شاہد خاقان

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی بھاری اکثریت سے سینیٹر منتخب ہو جائیں گے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات انتخابات ہی ہیں یہ کوئی عدم اعتماد کی تحریک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں۔ احتساب کے نام پر انتقام نظام کی ناکامی ہے جبکہ ڈسکہ انتخابات پر الیکشن کمیشن نے درست فیصلہ کیا۔ ہماری جنگ اقتدار کی نہیں بلکہ نظام کی درستگی کی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں کیا ہوتا ہے سب دیکھ لیں گے اور یوسف رضا گیلانی بھاری اکثریت سے سینیٹر منتخب ہو جائیں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ایٹمی ملک کے عوام کو عمران نیازی نے 2 وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا ہے۔ ایٹمی طاقت کا سب سے بڑا مسئلہ غربت اور بے روزگاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی بدنامی اور بے عزتی ہے جو حالات حکومت نے پیدا کر دیے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان میں معیشت چل رہی تھی اور سی پیک بن رہا تھا لیکن ترقی کرتے ملک کو غربت اور بے روز گاری کے حالات سے دوچار کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے تاریخی البیرونی مقام پر ہیریٹیج ٹریل کا افتتاح کر دیا

احسن اقبال نے کہا کہ وقت آگیا ہے پاکستان کو نئی بنیاد پر کھڑا کیا جائے اور تمام ادارے اپنے دائرے میں رہ کر اپنا اپنا کام کریں۔ بیورو کریٹ ملک کو اچھی طرح چلائیں تو ملک جنت بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صفوں میں سودے بازی اور پیسوں کی گھن گرج ہے جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جاری کردہ سینیٹ ٹکٹوں پر کوئی اعتراض نہیں ہوا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بلوچستان میں 70 کروڑ روپے میں سینیٹ کا ٹکٹ بیچا گیا اور پی ٹی آئی کے لوگ بھی چیخ رہے ہیں کہ سینیٹ کے ٹکٹ بیچے گئے۔ ثابت ہو گیا پی ٹی آئی کرپشن اور مافیاز کی جماعت ہے۔


متعلقہ خبریں