پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد ہونے کے باعث قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اوگرا کی تجویز منظور نہیں کی۔ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیر اعظم نے اجازت نہیں دی۔ جس کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔

اوگرا نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔ سمری میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجوزہ قیمتوں کا تعین 30 روپے فی لیٹرلیوی کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔

اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے 7 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 19 روپے 61 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی۔

پیٹرولیم لیوی کی بنیاد پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 6 روپے فی لیٹر بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔ فی لیٹر پیٹرول پر موجودہ عائد لیوی 17 روپے 97 پیسے ہے۔

فی لیٹر ڈیزل پر موجودہ عائد لیوی 18 روپے 36 پیسے ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ نے کرنا تھا۔


متعلقہ خبریں