خیبرپختونخوا میں ایک اورخواجہ سرا کا قتل


مانسہرہ: خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں شادی کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ کر کے منی نامی خواجہ سرا کو قتل کر دیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں خواجہ سراوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی فلاحی تنظیم ٹرانس جینڈر رائٹس ایسوسی ایشن نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔

خواجہ سراؤں کی تنظیم کے نمائندے قمر نسیم نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں ریاض خان نامی شخص نے تلخ کلامی کے بعد اچانک فائرنگ کردی اور موقع سےفرارہوگیا۔

مقامی پولیس کے مطابق مقتول خواجہ سرا کی لاش آبائی علاقے ایبٹ آباد منتقل کردی گئی ہے۔

پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افیسر( ڈی پی او) مانسہرہ  رب نواز خان کے مطابق ملزم مانسہرہ ہی کا رہائشی ہے اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا میں رواں برس اب تک تین خواجہ سرا قتل ہو چکے ہیں جب کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران قتل ہونے والے خواجہ سراوں کی تعداد 57 ہو گئی ہے۔

حالیہ واقعہ سے قبل صوابی میں نامعلوم افراد نے خواجہ سراوں کے ڈیرے پرحملہ کیا تھا جس میں شینو نامی خواجہ سرا کو قتل کر دیا گیا تھا۔

مانسہرہ سے موصول اطلاعات کے مطابق خواجہ سرا کے قتل کے بعد علاقے میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں